رنگ روڈ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ کے تین اہم افسران نے استعفے دیدیئے

30 نومبر ، 2024

راولپنڈی (راحت منیر/اپنے رپورٹرسے) باخبر ذرائع کے مطابق رنگ روڈ پراجیکٹ مینجمنٹ یونٹ (پی ایم یو) کے تین اہم افسران نے نامعلوم وجوہات پراستعفے دیدیئےجس کے بعد پی ایم یو عملا بند ہوگیا ۔ منصوبہ کی تکمیل کی ڈیڈلائن میں بھی تیسری مرتبہ تبدیلی کا امکان ہے کیونکہ تاحال سنٹرل ڈیویلپمنٹ ورکنگ پارٹی (سی ڈی ڈبلیو پی) سے نظر ثانی شدہ پی سی ون منظور نہیں ہوا جس کے بعد ایکنک سے بھی منظوری لی جانی ہے۔تاخیر کے نتیجہ میں لاگت میں مزید اضافہ ہوسکتا ہےجو پہلے ہی بڑھ کر39 ہزار 653 اعشاریہ 46 ملین روپے ہو چکی ہےجبکہ مدت تکمیل بھی 46 ماہ ہوچکی ہے۔ ایکنک سےپہلا پی سی ون 23 ہزار 606 اعشاریہ 214 ملین روپے کا 22 دسمبر 2021 کو منظور ہوا تھا۔مدت تکمیل36ماہ تھے۔ذرائع کے مطابق استعفی دینے والوں میں ماہر ماحولیات عدیل،فنانشل سپیشلسٹ ذیشان اور ایڈمن افسر مس غازیہ شامل ہیں۔ذرائع کا دعویٰ ہے کہ استعفوں کی وجوہات میں منصوبہ کے حوالے سے بعض متنازعہ امور میں افسران کو آن بورڈ نہ لینا اور مشوروں پر عملدرآمد نہ ہونا ہےجن میں سرفہرست لینڈ ایکوزیشن کا مسئلہ ہے۔