تربیتی پروگرامز افسروں کی صلاحیت میں نکھار پیدا کرتے ہیں،چیف جسٹس بلوچستان

30 نومبر ، 2024

کوئٹہ(این این آئی)چیف جسٹس بلوچستان ہائیکورٹ جسٹس محمد ہاشم کاکڑ نے بلوچستان سول سروسز اکیڈمی (BCSA) کا دورہ کیا اور چوتھے مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس (MCMC) کے شرکا سے ملاقات کی۔ دورے کے دوران چیف جسٹس کاکڑ نے شرکا کے ساتھ مختلف قانونی اور انتظامی امور پر تبادلہ خیال کیا اور انہیں عوامی خدمت کے حوالے سے اپنی ذمہ داریوں کو احسن طریقے سے انجام دینے کی تاکید کی۔ڈائریکٹر جنرل بلوچستان سول سروسز اکیڈمی، ڈاکٹر حفیظ جمالی نے چیف جسٹس محمد ہاشم کاکڑ کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں اکیڈمی کے مختلف تربیتی پروگراموں سے متعلق آگاہ کیا۔اس موقع پر ڈائریکٹنگ اسٹاف ظریف عیسازی، ڈائریکٹنگ اسٹاف میڈم شبانہ سلطان، اور ڈائریکٹنگ اسٹاف عامر نعیم بھی موجود تھے۔ انہوں نے معزز مہمان کو اکیڈمی میں جاری مختلف تربیتی سرگرمیوں اور کورسز کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔چیف جسٹس نے اکیڈمی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ ایسے تربیتی پروگرامز سول سروس کے افسران کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ شرکا نے جسٹس کاکڑ کے تجربات سے بھرپور استفادہ کیا اور قانونی معاملات پر رہنمائی حاصل کی۔