کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی کے خلاف ہیں، وزیراعلیٰ سندھ

30 نومبر ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر)وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ اسلام آباد میں ایک مخصوص جماعت کا احتجاج مسخروں کا سرکس تھا اس کے باوجود پاکستان پیپلزپارٹی کسی بھی سیاسی جماعت پر پابندی عائد کرنے کی مخالف ہے۔ تاہم انہوں نے واضح کیا کہ کسی بھی شخص کی احتجاج کے ذریعے رہائی کا مطالبہ بنیادی طور پر غلط ہے۔ مقامی ہوٹل میں کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ نے پی ٹی آئی کے احتجاج کو مسخروں کا سرکس قرار دیا۔ انہوں نے ایک بار پھر کہا کہ کسی بھی شخص کی رہائی کا مطالبہ بنیادی طور پر گمراہ کن تھا۔ کسی کی بھی رہائی عدالتوں سے ہی ممکن ہے۔ مراد علی شاہ نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانا آسان نہیں ہوگا۔ پی ٹی آئی حکومت میں سندھ میں بھی گورنر راج کی باتیں ہوتی رہی ہیں۔ مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس سے متعلق سوال کے جواب میں مراد علی شاہ نے اجلاس کے انعقاد میں تاخیر پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس ایک آئینی تقاضہ ہے، نو ماہ سے اجلاس نہیں ہوا، یہ صرف ہمارا ہی مسئلہ نہیں، پورے ملک کا ایشو ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ نے واضح کیا کہ مشترکہ مفادات کونسل اجلاس کے بغیر پانی کا مسئلہ حل نہیں ہو سکتا۔ اس وقت کوئی کینال تعمیر نہیں ہو رہا۔ سیاسی جماعتوں کی تنقید کا جواب دیتے ہوئے مراد علی شاہ نے کہا کہ کچھ سیاسی جماعتوں نے جے یو آئی ف کی کانفرنس میں صرف اس لیے شرکت نہیں کی کہ پیپلزپارٹی شرکت کر رہی ہے۔ اس کا مطلب ان کا مسئلہ صرف پیپلزپارٹی کے ساتھ ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ہم کسی بھی فورم پر سندھ کے حقوق کےلیے بات کرنے سے نہیں ڈرتے۔ قبل ازیںوزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ ہمیں کے فور کے توسیعی منصوبے کی ڈیڈلائن دسمبر 2025 تک کام ختم کرنا ہےجو بھی رکاوٹیں ہیں، میں انہیں دور کروں گا انہوں نےکے 4منصوبے کی توسیع سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محکمہ توانائی کو 132 کے وی کے گرڈ اسٹیشن کی تنصیب اور ٹرانسمیشن لائن بچھانے کیلئے ٹینڈرز جاری کرنے کی ہدایت کردی۔ انہوں نے محکمہ بلدیات کو بھی ہدایت کی کہ منصوبے سے متعلق سول ورک کی منظوری حاصل کرنے کا کام شروع کردیں وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے متعلقہ وزرا اور سیکریٹریوں کو بتادیا ہے کہ اس اجلاس میں کیے گئے فیصلوں پر بروقت عملدرآمد کیا جائے اجلاس وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہوا جس میں صوبائی وزرا ناصر حسین شاہ، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، پرنسپل سیکریٹری وزیراعلیٰ آغا واصف، سیکریٹری توانائی مصدق ملک، چیئرمین پی اینڈ ڈی نجم شاہ، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ ، سیکریٹری مالیات فیاض جتوئی، چیف اکنامسٹ پی اینڈ ڈی اسلم سومرو، سی ای او واٹر بورڈ صلاح الدین اور پی ڈی کے ڈبلیو ایس ایس آئی پی عثمان معظم نے شرکت کی ۔