وزیر اعظم شہباز شریف شہزادہ محمد بن سلمان کی دعوت پر آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کریں گے

30 نومبر ، 2024

اسلام آباد(صالح ظافر) وزیر اعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد اور وزیر اعظم محمد بن سلمان (MBS) کی دعوت پر آئندہ ہفتے سعودی عرب کا دورہ کرنے کا امکان ہے۔ وزیر اعظم کی ولی عہد سے یہ تقریباً چھ ہفتوں میں تیسری ملاقات ہوگی۔ یہ دورہ اقوام متحدہ کے زیر اہتمام ایک بین الاقوامی کانفرنس میں شرکت کے لیے ہوگا، لیکن سفارتی ذرائع اس دورے کو حالیہ پاکستانی حالات کے تناظر میں خاص اہمیت دے رہے ہیں۔ ان حالات میں سعودی عرب کا ذکر پاکستان میں سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ کے ایک غیر ذمہ دارانہ بیان میں ہوا، جسے موجودہ حکومت نے برادرانہ تعلقات کو نقصان پہنچانے کی سازش قرار دے کر مسترد کر دیا تھا۔وزیر اعظم شہباز شریف اس دورے کے دوران اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور دیگر عالمی رہنماؤں سے بھی ملاقات کریں گے، جو ریاض میں اس تقریب میں شریک ہوں گے۔ڈپٹی وزیر اعظم اور وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، جو پیر کو ایران کے تاریخی شہر مشہد میں اقتصادی تعاون تنظیم (ECO) کے ایک اہم اجلاس میں شرکت کے لیے روانہ ہو رہے ہیں، وزیر اعظم کے وفد میں شامل ہوں گے۔وزیر اعظم شہباز بدھ کو ریاض پہنچیں گے، جہاں وہ اقوام متحدہ کے صحرا زدگی سے متعلق کنونشن (UNCCD) کی کانفرنس آف دی پارٹیز (COP16) کے سولہویں اجلاس میں شرکت کریں گے۔ یہ کانفرنس زمین کی بحالی کے لیے ایک عالمی پلیٹ فارم ہے اور اقوام متحدہ کے تین بڑے معاہدوں (ریو کنونشنز) میں شامل ہے۔