پنجاب میں بارشی پانی بچانے کا منصوبہ منظور ، جامع فلڈنگ پلان طلب ، دنیا کو فلسطینیوں کے قتل عام پر جاگنا ہوگا ، مریم نواز

30 نومبر ، 2024

لاہور(نمائندہ جنگ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے عوام کے تحفظ کے لئے جامع فلڈنگ پلان طلب کر تے ہوئے اربن فلڈنگ روکنے کے لئے مشینری خریدنے کی اصولی منظوری دے دی-وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت خصوصی اجلاس میں روڈز سے بارش کے پانی کا نکاس یقینی بنانے کیلئے گرین بیلٹ کا لیول نیچے کرنے کے منصوبے کی منظوری دی گئی اربن فلڈنگ سے متاثرہ شہروں میں سٹوریج ٹینک بنانے کی تجویز سےاتفاق کیا گیا، موٹرویز، ہائی ویز اور ریلوے ٹریک کے نیچے سیلابی راستوں کی صفائی،سیلابی نالوں کی بروقت صفائی اور بحالی یقینی بنانے اور فلڈنگ کے سدباب کیلئے قوانین کے نفاذ کو یقینی بنانے کی ہدایت کی، -وزیراعلی نے کہاکہ شہروں میں راستے ڈوب جاتے ہیں، سیوریج کا نظام بہتر بنانا ہوگا ،وزیراعلیٰ پنجاب نے فلسطین سے اظہار یکجہتی کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہاہے کہ عالمی برداری کو نہتے فلسطینیوں، بچوں اور خواتین کے قتل عام پر جاگنا ہو گا ظلم و زیادتی کے شکار فلسطینی بھائیوں سے یکجہتی کا اظہار اور انکی قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہیں ، ان کےشانہ بشانہ کھڑے ہیں ۔