حکومت ٹی ٹی پی مذاکرات نہیں ہورہے ، تمام غیر ملکی پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں ، دفتر خارجہ

30 نومبر ، 2024

اسلام آباد ( فاروق اقدس ، ماریانہ بابر)اسلام آباد میں احتجاج سے افغان شہری گرفتار ہوئے ہیں، غیر ملکی شہریوں کی پاکستانی سیاسی احتجاجات میں شرکت مکمل غیر قانونی ہے، تمام غیر ملکیوں سے کہیں گے کہ وہ پاکستان کے سیاسی معاملات سے دور رہیں،حکومت کے ٹی ٹی پی سے مذاکرات نہیں ہو رہے ، پاکستان اگلے برس چیمپئنز ٹرافی کی میزبانی کرے گا اور توقع کرتے ہیں کہ تمام ٹیمیں چیمپئن ٹرافی میں شرکت کریں گی، ہم سمجھتے ہیں کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں کرنا چاہئے،ہم نے یہی بات آئی سی سی سے کہی ہے۔ متحدہ عرب امارات میں پاکستانیوں پر کوئی ویزا اجراء یا سفر کی ممانعت نہیں تاہم کچھ پابندیاں ضرور ہیں جن پر بات چیت جاری ہے، نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ 2 سے 3 دسمبر تک ایران مشہد کو دو روزہ سرکاری دورہ کرینگے۔ ان خیالات کا اظہار وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرا بلوچ نے جمعہ کو ہفتہ وار پریس بریفنگ میں کیا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے احتجاج کے دوران گرفتار افغان شہریوں کی تفصیلات وزارت داخلہ جاری کرے گی۔ انہوں نے کہا پاکستان اور چین کا ٹی ٹی پی سے انگیجمنٹ سے متعلق کوئی ایجنڈا نہیں۔ ترجمان کے مطابق نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ 2 سے 3 دسمبر تک ایران کے دورے کے دوران وہ اقتصادی تعاون تنظیم کی کونسل برائے وزرائے خارجہ کے 28 ویں اجلاس میں شرکت کرینگے وہ مشرق وسطی میں علاقائی امن و استحکام کو خطرے میں ڈالنے والی مخاصمتوں پر پاکستان کے تحفظات کا اعادہ کرینگے۔