ملٹری اکاؤنٹس ، چھوٹے ملازمین کو آؤٹ ڈور میڈیکل سہولت کی منظوری

30 نومبر ، 2024

راولپنڈی (ساجد چوہدری) پاکستان ملٹری اکاونٹس ڈیپارٹمنٹ (پی ایم اے ڈی )کے ملک بھر میں کام کرنے والے گریڈ 1 سے 15 تک کے ملازمین اور ان کے اہل خانہ کو بھی فوجی ہسپتالوں میں آؤٹ ڈور میڈیکل سہولت کی فراہمی کی منظوری دیدی گئی ، منظوری جی ایچ کیو کی اے جی برانچ نے دی ، ا ذرائع کے مطابق ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل آفس نے انڈورس کے لیے کیس وزارت دفاع کو بھجوا دیا ، اس سے قبل آؤٹ ڈور میڈیکل ٹریٹمنٹ کی سہولت صرف گریڈ 16 اور اس سے اوپر گریڈ کے افسران کو میسر ہے جبکہ ان ڈور میڈیکل فیسیلٹی تمام ملازمین کو حاصل ہے، موجودہ ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل کاشف احمد نور کی کوششوں سے اب گریڈ 1 سے 15 تک کے اپنے ملازمین کو بھی آؤٹ ڈور میڈیکل ٹریٹمنٹ کی سہولت کی منظوری مل گئی ہے ، ملٹری اکاونٹنٹ جنرل کی ہدایت پر اسسٹنٹ ملٹری اکاؤنٹنٹ جنرل (ایڈمن) کی طرف سے سرجن جنرل ڈی جی ایم ایس (آئی ایس) ، اے جی برانچ جی ایچ کیو راولپنڈی کوایک خط لکھا گیا تھا جس میں کہاگیا تھا کہ ملک بھر کے ملٹری ہاسپیٹلز ، کمبائنڈ ملٹری ہاسپیٹلز ، پی اے ایف ہاسپیٹلز ، نیول ہاسپیٹلز ، اے ایف آئی سی ، این آئی ایچ ڈی ، اے ایف آئی اور دیگر آئی ایس میڈیکل انسٹی ٹیوٹس میں گریڈ 1 سے 15 تک کے پاکستان ملٹری اکاونٹس ڈیپارٹمنٹ کے ملازمین اور انکے اہل خانہ کو آؤٹ ڈور میڈیکل ٹریٹمنٹ فیسیلٹی فراہم کی جائے، اس سے قبل آؤٹ ڈور میڈیکل ٹریٹمنٹ فیسیلٹی صرف گریڈ 16 اور اس سے اوپر گریڈ کے افسران کو میسر ہے جبکہ ان ڈور میڈیکل فیسیلٹی تمام ملازمین کو حاصل ہے۔