چیمپئنز ٹرافی، بھارت کی اناپرستی، پاکستان کا ٹھوس موقف، آئی سی سی بورڈ میٹنگ بے نتیجہ رہی

30 نومبر ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) بھارت کرکٹ بورڈ کی انا پرستی اور پاکستان کے ٹھو س اصولی موقف کے سبب پاکستان میں آئندہ فروی میں ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کے مقام اور شیڈول کے تعین سے متعلق جمعے کو ہونے والی آئی سی سی بورڈ میٹنگ بے نتیجہ رہی۔ اجلاس 15 منٹ بعد ہی ہفتے تک ملتوی کردیا گیا۔ابتدائی مشاورت کے بعد طے ہوا کہ پاکستان اور بھارت آئی سی سی کے ساتھ مل کر سب کیلئے قابل قبول آپشن تلاش کریں گے۔ مسئلہ 24 سے 48 گھنٹوں میں حل کرلیا جائے گا۔ اس عمل میں دو سے تین دوست بورڈز بھی شامل ہوسکتے ہیں۔ ابتدائی اجلاس میں شیڈول پر اتفاق رائے حاصل نہیں کیا جاسکا ۔ کہا جارہا ہے کہ پاکستان کوئی بھی آپشن اپنی شرائط کے بغیر تسلیم نہیں کرے گا۔پی سی بی کے چیئرمین محسن نقوی اجلاس میں شریک تھے جبکہ بی سی سی آئی کے سکریٹری جے شاہ نے آن لائن شرکت کی۔ جے شاہ یکم دسمبر کو آئی سی سی چیئرمین کا سنبھالیں گے ۔ ہفتے کو پاکستان اور بھارت کے بورڈ حکام اپنی حکومت سے ہونے والی مشاورت کے بارے میں رپورٹ دیں گے۔ پاکستان نہ آنے کے حوالے سے بھارتی ڈھٹائی کے باعث آئی سی سی مقابلوں کے مقام اور شیڈول کو حتمی شکل دینے میں ناکام ہے، جمعے کو فریقین کی جانب سے تجاویز پیش کی گئیں، ہفتے کو تفصیلی اجلاس میں ان پر بات ہوگی۔ ہائبرڈ ماڈل پر پاکستان اپنے مؤقف پر قائم رہا، پاکستان نے بریفنگ دیتے ہوئے ٹھوس انداز میں کہا کہ ہم انتظامات تقریباً مکمل کرچکے ہیں، بھارت کے انکار نے معاملہ الجھا رکھا ہے، ہائبرڈ کے تحت نیوٹرل وینیو پر بھارت کے ساتھ میچ قابل قبول نہیں۔ ذرائع کے مطابق بھارت مکمل چیمپئنز ٹرافی پاکستان سے باہر لے جانے کی لابنگ کررہا ہے لیکن پی سی بی نے بھی بھارتی حربے بلاک کرنے کی تیاری مکمل کرلی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام بورڈز تنازع کے مثبت حل کیلیے مشترکہ کاوش جاری رکھیں گے۔ واضح رہے کہ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی آئندہ برس پاکستان میں ہونی ہے تاہم بھارت نے پاکستان میں کھیلنے سے انکار کردیا ہے جس کے بعد پاکستان نے سخت ترین مؤقف اپناتے ہوئے اعلان کیا کہ پاکستان کو ہائبرڈ ماڈل قبول نہیں ہوگا، پاکستان چاہتا ہے کہ بھارت کے نہ آنے کی ٹھوس وجوہات پیش کی جائیں، پاکستان میں سیکیورٹی کا کوئی خدشہ نہیں، بھارت دیگر بورڈ کے ساتھ سیکیورٹی پلان کو قبول کرچکا ہے۔