صحافی مطیع اللہ جان کے 2روزہ جسمانی ریمانڈ کا حکم نامہ معطل

30 نومبر ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار/خصوصی نامہ نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامرفاروق اور جسٹس ارباب محمد طاہر پر مشتمل خصوصی ڈویژن بنچ نے انسداد دہشت گردی عدالت کا جسمانی ریمانڈ کا حکم نامہ معطل کرتے ہوئے کہا ہے سینئر صحافی مطیع اللہ جان کو جوڈیشل ریمانڈ پر تصور کیا جائے۔ جمعہ کو درخواست گزار کی جانب سے اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدرریاست علی آزاد ، ایمان مزاری ، ہادی علی چٹھہ اور دیگر وکلا عدالت میں پیش ہوئے۔ ریاست علی آزاد ایڈووکیٹ نے عدالتی ہدایت پر انسداد دہشت گردی عدالت کا فیصلہ پڑھا اور کہاکہ دوسرے صحافی کا بیان حلفی بھی موجود ہے ، اس بنیاد پر یہ کیس جھوٹ اور بے بنیاد ہے۔عدالت عالیہ اسلام آباد کے جسمانی ریمانڈ منسوخ کرنے کے فیصلے کی روشنی میں جمعہ کی شام سینیئر صحافی مطیع اللہ جان کو تھانہ مارگلہ سے آئی نائن سی آئی اے سنٹر میں قائم سب جیل میں منتقل کر دیا گیا ہے، فاضل عدالت نے جسمانی ریمانڈ کو جوڈیشل ریمانڈ میں تبدیل کردیا ہے۔