اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں/مانیٹرنگ ڈیسک / جنگ نیوز)وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کی سازشیں روکنی ہیں،ملک دشمنوں کے ہاتھ توڑنے کیلئے ہر قدم اٹھانا ہوگا،تحریک انصاف سیاسی جماعت نہیں فتنہ ہے، جتھوں کیخلاف ٹھوس ایف آئی آرز درج کی جائیں،احتجاج سے معیشت کو یومیہ 190 ارب روپے کا نقصان پہنچا،اسلام آباد میں فساد روکنے کیلئے وزیر داخلہ کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کردی گئی ۔وزیر اعظم نے اس حوالے سے معاونت پر آرمی چیف سے اظہار تشکر بھی کیا۔وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت امن و امان کی صورتحال پر اعلی سطح اجلاس ہوا جس میں نائب وزیرِ اعظم و وزیرِ خارجہ اسحاق ڈار، چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر، وفاقی وزراء خواجہ محمد آصف، احد خان چیمہ، اعظم نذیر تارڑ، مشیر وزیرِاعظم رانا ثناء اللہ خان، وزیرِ اعلی پنجاب مریم نواز شریف، سینئر وزیر پنجاب مریم اورنگزیب اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔۔ وزیر اعظم نے گزشتہ دنوں اسلام آباد میں انتشار و فساد پھیلانے والوں کی نشاندہی اور انکے خلاف موٴثر کاروائی کیلئے وزیرِ داخلہ سید محسن رضا نقوی کی سربراہی میں ٹاسک فورس قائم کردی۔ وزیرِ قانون و انصاف اعظم نذیر تارڑ، وزیرِ اقتصادی امور احد خان چیمہ، وزیرِ اطلاعات و نشریات عطائاللہ تارڑ اور سیکیورٹی فورسز کے نمائندے بھی اس ٹاسک فورس میں شامل ہونگے۔اعلامیے کے مطابق ٹاسک فورس یہ یقینی بنائے گی کہ 24 نومبر کو انتشار پھیلانے میں ملوث مسلح افراد اور پر تشدد واقعات میں ملوث افراد کی نشاندہی کرے گی تاکہ انہیں قانون کے مطابق قرار واقعی سزا دلوائی جا سکے۔اجلاس میں وفاقی فرانزک لیب کے قیام کی منظوری دے دی گئی جو ایسے واقعات کی تحقیقات و شواہد اکٹھا کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کے استعمال کو یقینی بنائے گی۔اجلاس میں اسلام آباد سیف سٹی منصوبے کو جدید خطوط پر استوار کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔اجلاس کے شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان استحکام کی جانب گامزن ہے،پاکستان کے استحکام اور ترقی کے دشمنوں کے مزموم مقاصد کامیاب نہیں ہونے دینگے، خیبر پختونخوا بہادر و غیور عوام کا صوبہ ہے۔انہوں نے کہا کہ مٹھی بھر انتشاری، پر امن اور غیور پشتونوں کی نمائندگی نہیں کرتے، 24 نومبر کی لشکر کشی کو خیبر پختونخوا سمیت تمام پاکستانیوں نے مسترد کر دیا، پاکستان کے تحفظ اور اسکی معاشی و قومی سلامتی کے تحفظ کیلئے سب کو مل کر ایسی مذموم کوششوں کو روکنا ہوگا۔وزیراعظم نے کہا کہ کے پی سے آئے جتھے نے اسلام آباد میں وہ تماشا لگایا جسے بیان نہیں کرسکتا۔ یہاں حالات خراب کرنے کے لیے خیبرپختون خوا سے ایک لشکر ہر طرح سے لیس ہوکر آیا تھا، احتجاج کے دوران جتھے نے ہر طرح سے توڑ پھوڑ کی جس سے معیشت کو نقصان پہنچا۔انہوں نے کہا کہ کے پی سے آئے مظاہرین نے گولیاں چلائیںِ، تین رینجرز اہلکاروں اور ایک پولیس اہلکار کو شہید کیا، جتھے نے ایس سی او کانفرنس کے دوران بھی چڑھائی کی اور بیلا روس کے صدر کی آمد پر بھی چڑھائی کی۔احتجاج اور دھرنے کی وجہ سے پاکستان کی معیشت کو یومیہ 190 ارب روپے کا نقصان پہنچا۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں سوشل میڈیا پر منفی پراپیگنڈہ پر بھی تشویش کا اظہار کیا گیا، 24 نومبر کے بعد ہونے والی صورتحال کے باعث شرپسند عناصر کےخلاف بھرپور قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ذرائع کے مطابق انسداد دہشت گردی ایکٹ کے تحت تمام شرپسندوں کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے، اجلاس میں شرکا کو سکیورٹی کی مجموعی صورتحال کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔اجلاس میں خیبرپختونخوا میں گورنر راج لگانے کے حوالے سے کوئی تجویز زیرغور نہیں آئی۔
اسلام آبادوزیراعظم محمد شہباز شریف نے بیلاروس کے صدر الیگزینڈر لوکاشینکوکو7ویں بار یہ عہدہ سنبھالنے پر...
اسلام آباد وفاقی حکومت نے محمد ایوب کو کنسلٹنٹ وزارتِ انفارمیشن ٹیکنالوجی مقرر کیا ہے۔ محمد ایوب کی تقرری 3...
اسلام آ باد موجودہ حکومت میں مشترکہ مفادات کونسل کی تشکیل کا ایک سال مکمل ہوگیاتاہم کونسل کاکوئی اجلاس نہ...
لاہورصارفین کے لیے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کی مد میں بجلی 30پیسے فی یونٹ سستی ہونے کا امکان ہے۔سی پی پی اے کی...
اسلام آباد آئل اینڈ گیس ڈیولپمنٹ کمپنی لمیٹڈ نے ریکوڈک منصوبے کے لیے فزیبلٹی اسٹڈی مکمل کرنے کا اعلان کر...
اسلام آباد بھارتی اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں، الاؤنسز اور پنشن میں اضافہ، لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے...
اسلام آباد وزیراعظم محمد شہباز شریف نے منگل کے رو ز بلا یا گیا وفاقی کا بینہ کا اجلاس ملتوی کردیا ۔ اجلاس اب...
پشاورقومی احتساب بیورو پشاور نے بس ریپڈ ٹرانزٹ پشاور منصوبے میں مبینہ کرپشن کیس میں وزیرِاعظم کے مشیروسابق...