بانی پی ٹی آئی سے وکلا ءکی اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ ہو سکی

30 نومبر ، 2024

اسلام آباد، راولپنڈی (خصوصی نامہ نگار، نمائندہ جنگ ) بانی پی ٹی آئی عمران خان سے وکلا ءکی اڈیالہ جیل میں ملاقات نہ ہو سکی ،جیل انتظامیہ نے واضح کیا کہ ملزم جسمانی ریمانڈ پر تھانہ نیو ٹائون پولیس کی تحویل میں ہے ، لہٰذا جیل انتظامیہ ملاقات کرانے کی مجاز نہیں ،ملاقات نہ ہونے پر پی ٹی آئی کے وکلاء فیصل چوہدری اور فیصل ملک نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے انسداد دہشتگردی عدالت میں عمران خان سے ملاقات کیلئے درخواست دی تھی ، عدالت نے اڈیالہ ل جیل سپرنٹنڈنٹ کو ملاقات کی ہدایت دی ،عدالتی حکم لے کر ایڈووکیٹ محمد فیصل ملک، غلام حسنین سنبل اور راجا متین جیل پہنچے مگر ملاقات نہ کرائی گئی ۔وکلاء نے میڈیا کو بتا یا کہ جیل انتظامیہ نے ایک نوٹیفکیشن دکھایا جس کے مطابق بانی پی ٹی آئی کی کسٹڈی پولیس کے پاس ہے مقدمہ کے تفتیشی افسر راشد کیانی سے رابطہ کیا گیا مگرانہوں نے ملاقات سے گریز کیا، ۔ قبل ازیں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی سےتحریک انصاف کے سابق چیئرمین کے وکلاء ملک فیصل اور غلام حسنین سنبل نے استدعا کی جیل سپرنٹنڈنٹ کو عمران خان سے ملاقات کروا نے کی ہدایت جاری کی جائے ، عدالت نے سرکاری وکیل کو نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب میں مانگا بعدازاں سرکاری وکیل محمد یوسف نے عدالت کو بتایا ملزم عدالتی تحویل میں نہیں بلکہ تھانہ نیوٹائون میں درج ایک مقدمہ میں گرفتاری کے بعد جسمانی ریمانڈ پر ہےلہذا درخواست گزار اس کیس کے تفتیشی افسر سے رابطہ کریں، بعد ازاں عدالت نے اپنے فیصلہ میں کہا کہ ملزم جسمانی ریمانڈ پر ہے ، بوجہ حفاظتی انتظامات اڈیالہ جیل کے کمیونٹی کمپلیکس کو وقتی طور پر پولیس سٹیشن بنایا گیا ہے لہذا ملاقات کیلئے تفتیشی افسر سے رابطہ کریں۔