وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز کا وی پی اینز رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ

30 نومبر ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری) وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز نے وی پی اینز رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع کا مطالبہ کردیا،چیئرمین وائرلیس اینڈ انٹرنیٹ سروس پروائیڈرز ایسوسی ایشن نے توسیع کیلئے وفاقی سیکرٹری داخلہ کو خط لکھ دیا ہے ، خط میں کہا گیا کہ ایسوسی ایشن وی پی اینز کو ریگولیٹ کرنے کی حکومتی کوششوں کی تعریف کرتی ہے، وی پی اینز کی رجسٹریشن کا عمل آسان کرنے سے شہریوں، فری لانسرز اور کاروبار کو سہولت ہوئی ہے، پہلے سے جاری عمل میں حساس معلومات سے متعلق پائے جانے والے خدشات دور ہوئے ہیں ، خط میں کہا گیا ہے کہ فری لانسرز اور شہریوں نے بغیر کسی ہچکچاہٹ کے وی پی اینز کی رجسٹریشن کا عمل شروع کردیا ہے، ایسوسی ایشن اپنے ممبران کو وی پی اینز استعمال کا محفوظ راستہ اپنانے کی ترغیب دے رہی ہے، خط میں کہا گیا کہ وی پی اینز رجسٹریشن کے عمل سے متعلق شہریوں کو آگاہی دینے کی ضرورت ہے، سروس پروائیڈرز آئی ٹی انڈسٹری کے ساتھ مل کر وی پی اینز رجسٹریشن کا عمل مزید آسان کرسکتے ہیں ، خط میں کہا گیا پہلے سے شکوک و شبہات میں صارفین کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے، رجسٹریشن کی تاریخ میں توسیع حکومت کے مقاصد کے حصول میں مددگار ثابت ہوگی۔