کے پی کے میں گورنر راج مسئلے کا حل نہیں،ملک رفیق رجوانہ

30 نومبر ، 2024

ملتان (سٹاف رپورٹر)سابق گورنر پنجاب ملک محمد رفیق رجوانہ نے کہا ہے کہ کے پی کے میں گورنر راج مسئلے کا حل نہیں۔ پی ٹی آئی کو اب انتشار کی سیاست ترک کرنا ہو گی۔حالیہ احتجاج سے پی ٹی آئی کو سیاسی طور پر نقصان ہوا اور پارٹی میں اختلافات شدت اختیار کر گئے،عمران خان کے خلاف عدم اعتماد کے بعد کیا یہ بہتر نہ ہوتا کہ وہ اپوزیشن لیڈر بن کر پارلیمنٹ میں بیٹھتے اور بھرپور انداز سے سیاست کرتے نہ ہی پنجاب اسمبلی اور کے پی کے اسمبلی کو بلاجواز تحلیل کرنے سے کچھ حاصل ہوا اور پھر اس تحلیل شدہ اسمبلی کا ضمنی الیکشن بھی لڑا، اس ساری صورتحال سے ذرا سوچیں پاکستان نے کیا کھویا کیا پایا، انہوں نے مزید کہا کہ کے پی کے میں بالخصوص دہشت گردی اور قبائلی تصادم اور کرم ایجنسی میں حالیہ فسادات اور قتل و غارت،بلوچستان میں دہشت گردی، معاشی صورتحال اور دیگر اہم امور پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ،عوام روز بروز کی بدامنی انتشاری سیاست سے تنگ آ چکے ہیں۔