بین الملکی تعلقات کی بہتری کیلئے ثقافتی سفارت کاری اہم ہے، اسحٰق ڈار

02 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (صباح نیوز) نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے کہا ہے کہ بین الملکی تعلقات کی بہتری کے لیے ثقافتی سفارت کاری اہم ہے،چیرٹی بازار کا مقصد پسے ہوئے طبقات کی فلاح میں حصہ ڈالنا ہے،لوگوں کو مختلف ثقافتوں کو دیکھنے کا موقع ملے گا، بازار کے انعقاد پر منتظمین کو سراہتا ہوں۔ اتوار کو دفتر خارجہ میں چیرٹی بازار کی افتتاحی تقریب کا انعقاد کیا گیا جس میں ڈپٹی وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحٰق ڈار نے پاکستان فارن آفس ویمن ایسوسی ایشن سالانہ چیرٹی بازار 2024 کا افتتاح کیا۔چیرٹی بازار میں مختلف سفارتخانوں کی جانب سے سٹال اور اپنے اپنے ملکوں کی ثقافتی نمائش کا اہتمام کیاگیاہے۔اس موقع پر غیر ملکی سفارتکار اور ان کے اہل خانہ کی بڑی تعداد بھی چیرٹی بازار میں موجود تھی۔وزارت خارجہ کے افسران کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔اس بازار کا مقصد معاشرے میں مستحق اور کمزور طبقات کی معاونت اور فلاح کرنا ہے۔ اس موقع پر نائب وزیراعظم اسحٰق ڈار نے کہا کہ چیرٹی بازار کا مقصد پسے ہوئے طبقات کی فلاح میں حصہ ڈالنا ہے، چیرٹی بازار لوگوں کو مختلف ثقافتوں کو دیکھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔اسحٰق ڈار نے کہا کہ ہر ملک کی ثقافت ایک الگ پہچان رکھتی ہے، پفوا چیرٹی بازار کا انعقاد بھی سفارتکاری کا حصہ ہے، پفوا چیرٹی بازار کا انعقاد مختلف ثقافتوں کو قریب لانے کے حوالے سے اہم ہے، نمائش ثقافتی شوز بھی پفوا چیرٹی بازار کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پفوا چیرٹی بازار کے انعقاد پر منتظمین کو سراہتا ہوں، چیرٹی بازار کے لیے سفارت کاروں کے بھرپور تعاون کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔