حکومت بے گناہ شہریوں کے ناحق خون میں لتھڑی ہے،وقاص اکرم

02 دسمبر ، 2024

اسلام آباد( جنگ نیوز) ترجمان تحریک انصاف شیخ وقاص اکرم نے کہاہے کہ حکومت بے گناہ شہریوں کے ناحق خون میں لتھڑی ہوئی ہے، آرٹیکل 245کے پیچھے چھپ کر مینڈیٹ چور حکمران گھنائونا پن نہیں چھپا سکتے،وزارت داخلہ کے بیان پر ردعمل ترجمان پی ٹی آئی شیخ وقاص اکرم نے کہا ہے کہ وزیرِ داخلہ عوامی انتخاب سے نہیں آمریت سے نکل کر قوم پر مسلط ہے، حکومت بے گناہ شہریوں کے ناحق خون میں لتھڑی ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آئین پر امن شہریوں کے خون سے ہولی کھیلنے کی اجازت نہیں دیتا، آرٹیکل 245 کے پیچھے چھپ کر مینڈیٹ چور گھنائونا پن نہیں چھپا سکتے ہیں ۔ شیخ وقاص اکرم نے مزید کہا کہ دستور جمہور منتخب نمائندگان کو اختیار و اقتدار کا مالک قرار دیتا ہے، غاصب حکومت صرف اپنی سہولت کے مطابق آئین کو استعمال کر رہی ہے۔