اسرائیلی جیل میں تشدد سے شہید ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی تعداد 47ہو گئی

02 دسمبر ، 2024

غزہ (صباح نیوز) اسرائیلی جیل میں تشدد کے باعث مزید 2 فلسطینی قیدی شہید ہوگئے۔ شہید ہونے والوں کی شناخت 35سالہ محمد عبدالرحمان ہویشل ادریس اور 31 سالہ معز خالد محمد ریان کے نام سے کی گئی ہے۔ انکی شہادت کے بعد اسرائیلی زندانوں میں شہید ہونے والے فلسطینی قیدیوں کی مجموعی تعداد 47 ہوگئی ہے۔ فلسطینی محکمہ امور اسیران اور اسیران کلب نے اتوار کو غزہ کی پٹی سے تعلق رکھنے والے دو قیدیوں کی شہادت کا اعلان کیا۔ فلسطینی محکمہ امور اسیران، کلب برائے اسیران اور ضمیر فائونڈیشن نے ایک مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ انہیں سول افیئرز اتھارٹی کے ذریعے قیدی ادریس کی شہادت کی اطلاع ملی تھی۔ اسے 29نومبر 2024ء کو عوفر جیل میں شہید کیا گیا۔ انسانی حقوق کے اداروں کا کہنا ہے کہ قیدی محمد ادریس کو اسکے اہل خانہ کے مطابق 25 اگست کو لاپتہ ہونے سے قبل کسی قسم کی صحت کے مسائل کا سامنا نہیں تھا جبکہ زیر حراست ریان 21 اکتوبر 2024 کو گرفتاری سے قبل مکمل طور پر فالج کا شکار ہو گیا تھا۔ اس سے قبل گزشتہ نومبر میں 42 سالہ منیر عبداللہ محمود الفقعاوی اور انکے بیٹے 18 سالہ یاسین منیر کی شہادت کا اعلان کیا گیا تھا۔