راولپنڈی، موبائل فون کے استعمال پر پابندی، ا سکولوں کیلئے گائیڈ لائنز

03 دسمبر ، 2024

راولپنڈی (آئی این پی )محکمہ تعلیم نے موبائل فون کے استعمال پر پابندی عائد کرتے ہوئے سرکاری اسکولوں کیلئے 20 نکاتی گائیڈ لائنز جاری کردیں۔ محکمہ تعلیم کی جانب سے ڈسپلن اور شفاف تدریسی نظام کے لئے 20نکاتی گائیڈ لائنز جاری کی گئی ہیں، ڈسٹرکٹ، تحصیل ایجوکیشن افسران اور اسکول سربراہان کو گائیڈ لائنز پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کردی گئی۔محکمہ تعلیم کے مراسلے میں کہا گیا ہے کہ تدریسی اوقات میں اساتذہ، طلبا اور نان ٹیچنگ اسٹاف کے بند موبائل فون ہیڈ ٹیچر کو جمع کرائے جائیں گے، اسٹاف ڈریس کوٹ اور بند شوز لازمی پہنے گا، ٹیچرز اور طلبا اپنے نام کا بیچ لگائیں گے، یونیفارم کے ساتھ جرسی لازمی پہنیں گے، مرکزی گیٹ پر اوقات کار کا بورڈ ہوگا، ہر کلاس کا سی آر ہوگا اور طلبہ رجسٹر استعمال کریں گے۔