تحریک انصاف قیادت بیرون ملک مقیم اپنے مخصوص گروپ اور سوشل میڈیا کی یرغمال بن گئی

03 دسمبر ، 2024
انصار عباسی
اسلام آباد :پی ٹی آئی کی اعلیٰ قیادت پارٹی کے سوشل میڈیا اور پارٹی کے بیرون ملک مقیم پارٹی کے حامی طبقے ہاتھوں یرغمال بن چکی ہے، جن کے متعلق تحریک انصاف کی قیادت متفق ہے کہ ان کی وجہ سے پارٹی اور جیل میں قید بانی چیئرمین کیلئے مشکلات میں اضافہ ہو رہا ہے تاہم، پارٹی ان لوگوں کو روکنے میں ناکام ہے۔ پی ٹی آئی کے اسلام آباد کی طرف حالیہ مارچ کے بعد، فوج اور آرمی چیف کیخلاف امریکا کے بعض شہروں میں سوشل میڈیا اور سڑکوں پر چلنے والی اسکرینوں کے ذریعے مہم چلائی گئی۔ پارٹی کے کچھ سرکردہ رہنمائوں نے پروپیگنڈا روکنے کیلئے امریکا میں پی ٹی آئی کےذمہ داران سے رابطہ کیا لیکن ان کی درخواست پر دھیان نہیں دیا گیا۔ نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر پی ٹی آئی کے ایک سرکردہ رہنما نے کہا کہ پارٹی رہنما اس فوج مخالف پروپیگنڈا سے ناخوش ہیں لیکن اس کے حوالے سے کھل کر کوئی بیان جاری کرنے سے ہچکچا رہے ہیں کیونکہ ڈر ہے کہ انہیں غدار قرار دیدیا جائے گا اور پارٹی کے سوشل میڈیا پر ان کی تضحیک کی جائے گی۔ جو بات ناقابل یقین ہے وہ یہ ہے کہ پارٹی کا آفیشل سوشل میڈیا بیرون ملک سے کنٹرول کیا جا رہا ہے حتیٰ کہ پارٹی چیئرمین بیریسٹر گوہر، سیکریٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور انفارمیشن سیکریٹری وقاص اکرم شیخ کا بھی اس پر کوئی کنٹرول نہیں۔ پارٹی کے کچھ سینئر رہنمائوں کے ساتھ پس منظر میں ہونے والی بات چیت سے معلوم ہوتا ہے کہ پارٹی قیادت سوشل میڈیا اور کچھ مخصوص گروپس کی وجہ سے اس قدر شدید دبائو کا شکار ہے کہ وہ (پارٹی رہنما) ان کے چلائے جانے والے پروپیگنڈا کیخلاف کھل کر کچھ بولنے سے ہچکچاتے ہیں چاہے پھر وہ بات غلط ہو یا بڑھا چڑھا کر پیش کردہ ہو۔ پارٹی کے ایک اندرونی ذریعے کے مطابق، آرمی چیف کے گزشتہ دورہ امریکا کے موقع پر پی ٹی آئی کے حامیوں نے وہاں مظاہروں کا انتظام بھی کیا تھا۔ پاکستان سے پارٹی کے ایک اہم رہنما نے پارٹی کے امریکا کے تحریک انصاف کے ذمہ داران کے ساتھ رابطہ کیا کہ ایسے مظاہرے نہ کیے جائیں کیونکہ یہ پاکستان میں مفاد میں نہیں۔ ایک اور سینئر پارٹی رہنما کا کہنا تھا کہ پارٹی رہنمائوں کو ایجنسیوں یا پھر قانون نافذ کرنے والے اداروں سے نہیں بلکہ اپنی پارٹی کے جارحیت پسند کارکنوں اور سوشل میڈیا کے سرگرم کارکنوں سے ڈر اور خوف ہے۔ انہوں نے پی ٹی آئی کے حالیہ اسلام آباد مارچ کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ کے پی علی امین گنڈا پور مارچ کے دوران ایسے ہی جارح مجمع کے ہاتھوں یرغمال ہوگئے تھے۔ ذریعے نے مزید کہا کہ جب بشریٰ بی بی نے متعدد مرتبہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈی چوک جانے کا عزم ظاہر کیا تو گنڈا پور بالکل بے بس ہوگئے اور جانتے تھے کہ پرجوش مجمع اُنہیں بشریٰ بی بی کے برخلاف کوئی دوسرا موقف اختیار کرنے نہیں دے گا۔ گنڈا پور اور پارٹی کے دیگر سرکردہ رہنمائوں کی خواہش تھی کہ مارچ سنگجانی پر روک دیا جائے۔ حکومت اور پی ٹی آئی کے درمیان پس منظر میں ہونے والے حالیہ رابطوں کے حوالے سے پارٹی کے ایک رہنما نے اس نمائندے سے کہا تھا کہ مذاکرات میں شامل لوگوں کے نام ظاہر نہ کیے جائیں بصورت دیگر پارٹی کے جارح کارکن اُن پر یا ان کے گھروں پر حملہ کر سکتے ہیں۔ رابطہ کرنے پر پارٹی کے سیکریٹری اطلاعات وقاص اکرم شیخ نے بتایا کہ جو لوگ بھی فوج اور آرمی چیف کیخلاف امریکا میں روڈ اسکرینوں پر مہم چلا رہے ہیں وہ یہ کام اپنے تئیں کر رہے ہیں۔