عمر ایوب صاحب،مسائل پارلیمان میں حل کریں، جسٹس شکیل احمد

03 دسمبر ، 2024

پشاور(نیوز رپورٹر ) پشاور ہائیکورٹ نے قومی اسمبلی میں اپوزیشن عمر ایوب اور ارکان قومی اسمبلی فیصل امین، شہریارآفریدی، علی زمان اور عادل بازئی کی راہداری ضمانت کےلئے دائر درخواستیں منظور کرتے ہوئے انہیں متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونے کی ہدایت کردی ۔ عمرایوب اور فیصل امین گنڈاپور کی درخواستوں پر سماعت جسٹس شکیل احمد نے کی درخواست گزاروں کی جانب سے عالم خان ادینزئی عدالت میں پیش ہوئے انہوں نے عدالت کو بتایا کہ درخواست گزار عمرایوب اپوزیشن لیڈر ہے اور ممبر قومی اسمبلی ہے، ان کے خلاف اسلام آباد میں گزشتہ روز احتجاج کے بعد 7 مقدمات درج کئے گئے ہیں وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہونا چاہتے ہیں مگر خدشہ ہے کہ انہیں عدالت میں پیش ہونے سے قبل ہی گرفتار کرلیا جائے گا اس لئے عدالت انہیں راہداری ضمانت دیں تاکہ وہ متعلقہ عدالتوں میں پیش ہوں اس موقع پر جسٹس شکیل احمد نے کہا کہ یہ ملک سلامت ہے تو ہم ہیں ، پہلے ترجیح یہ ملک ہے جو مسائل ہیں ان کو پارلیمان میں بیٹھ کر حل کریں، جب کوئی ناحوشگوار واقعہ ہوتا ہے تو اس ملک کا نقصان ہوتا ہے، اگر کوئی سکیورٹی والا زخمی ہوتا ہے تو وہ بھی اس ملک کا بیٹا ہے،عمر ایوب صاحب آپ پر زیادہ ذمہ داری بنتی ہے آپ اپوزیشن لیڈر ہیں ، حکومت کو بھی ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہئے، مسائل مل بیٹھ کر حل کریں، اس میں سب کی بہتری ہے، اپوزیشن لیڈر نے عدالت کو بتایا کہ میرے خلاف بہت زیادہ ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں، اپوزیشن لیڈر ہوں، اور جوڈیشل کمیشن کا بھی ممبر ہوں، حال یہ ہے کہ میرے خلاف موٹر سائیکل چوری کے تین ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں، عدالت نے عمر ایوب اور فیصل امین کو 21 دسمبر تک راہداری ضمانت دے دی اسی طرح پی ٹی آئی رہنما شہریارآفریدی، علی زمان اور عادل بازئی کے راہداری ضمانت کےلئے دائر درخواست پر سماعت چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس اشتیاق ابراہیم نے کی۔