غزہ میں جنگی جرائم اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضہ ختم کیا جائے، جی سی سی

03 دسمبر ، 2024

کویت سٹی(این این آئی)کویت میں منعقدہ خلیج تعاون کونسل(جی سی سی)کی سپریم کونسل نے غزہ میں جنگی جرائم، فلسطینوں کی نقل مکانی اور فلسطینی علاقوں پر اسرائیلی قبضے کے فوری خاتمے کا مطالبہ کیا ہے۔عرب ٹی وی کے مطابق مشترکہ اعلامیے میں علاقائی، عالمی سیاسی، سلامتی اور اقتصادی چیلنجزسے نمنٹے میں جی سی سی کے کردار کی تعریف کی گئی۔اعلامیے میں رکن ممالک پر زور دیا گیا کہ وہ پائیدار اقتصادی تنوع، ڈیجیٹل تبدیلی، توانائی کی مارکیٹ میں استحکام اور موسمیاتی ایکشن کو جاری رکھتے ہوئے بزنس اور معیشت کے لیے ایک عالمی مرکز کے طور پر خطے کی حیثیت کو بڑھانے کے لیے کوششیں تیز کریں۔جی سی سی سپریم کونسل نے غزہ، لبنان اور مغربی کنارے میں جاری اسرائیلی جارحیت کے ساتھ مقبوضہ بیت المقدس ، اسلامی اور عیسائی مقدس مقامات پر خلاف ورزیوں کی مذمت کی۔ شہریوں کے تحفظ، جنگ کے خاتمے اور پائیدار حل پر سنجیدہ مذاکرات کیلیے فوری مداخلت کا مطالبہ کیا ۔