اسلام آباد (ساجد چوہدری) وزارت سائنس وٹیکنالوجی نے پی ایس کیو سی اے میں سات افسران کی مبینہ بوگس تقرریوں کی تحقیقات کیلئے ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے سے ریکارڈکے حصول کیلئے پھر یاددہانی کا خط (ریمائنڈر)بھجوا دیا ہے،ذرائع کے مطابق وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کے سیکشن افسر نے ڈائریکٹرجنرل پاکستان سٹینڈرڈز اینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی کو یاددہانی کا خط لکھا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ ان تقرریوں کے حوالے سے تاحال معلومات فراہم نہیں کی گئی ، معلومات فراہم کی جائیں تاکہ اس پر مزید کارروائی ہو سکے ، واضح رہے اس سے قبل وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی طرف سے ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے کو لکھے گئے مراسلے میں ان سے سروس رولز ، اشتہار ، ایاز احمد سومرو ، عبدالوحید سومرو ، حسن کیریو ، نبی بخش ، بشیر انڑ ، مجیب الرحمن اور نواب خان کی ملازمت کی درخواستیں ، مارکس شیٹس ، تقرریوں کی پیشکشیں ، اپوائنٹنگ اتھارٹی اور ا ن سات افسران کی موجودہ پوسٹنگ کی تفصیلات مانگ رکھی ہیں ، جس کی تاحال وزارت کو معلومات فراہم نہیں کی گئی ، ڈی جی پی ایس کیو سی اے کو مراسلے کے ساتھ شکایت پر مبنی درخواست بھی بھیجی گئی تھی جس میں سات افسران کی بوگس تقرریاں کرنے کا الزام لگایا گیا تھا، اس حوالے سے وزارت کے سینئر افسر سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے معلومات کے حصول کیلئے یاددہانی کے خط لکھنے کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ معلومات ملنے پر ہی وزارت مزید کارروائی عمل میں لاسکے گی ۔