پنجاب ، صنعتی یونٹس کی تعداد 8308، 5ہزار نے انوائرمنٹل کنٹرول سسٹم لگا ئے

03 دسمبر ، 2024

لاہور(آصف محمود بٹ ) محکمہ ماحولیات پنجاب کی انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (EPA)طرف سے معلومات تک رسائی کے قانون کے تحت پبلک کی جانیوالی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ صوبے کے 36اضلاع میں ہر قسم کے صنعتی یونٹس کی کل تعداد 8ہزار308 ہے جن میں سے صرف 5ہزار پانچ(5005) صنعتوں نے ماحول دوست انوائرمنٹل کنٹرول سسٹم (ECS)سسٹم لگا ئے ہیں جبکہ 3ہزار303صنعتی یونٹس اب بھی ای سی ایس سسٹم کے بغیر چل رہے ہیں ۔مختلف صنعتی یونٹس کی 14ہزار859انسپکشنز ، 5230صنعتوں کو نوٹسز جاری ،767کو سیل کیا گیا،158مسمار ،انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی کی طرف سے جاری کردہ ڈیٹا میں بتایا گیا ہے کہ گوجرانوالہ میں ہر قسم کی صنعت کے کل 1749یونٹس میں سے 1237نے انوائرمنٹل کنٹرول سسٹم لگایا ہے جبکہ 512صنعتی یونٹس اس کے بغیر چل رہے ہیں۔ فیصل آباد کے 1386میں سے 1106نے ECSسسٹم لگایا ہے جبکہ 280صنعتیں اس کے بغیر چل رہی ہیں۔ ملتان کے 496میں سے صرف 127صنعتی یونٹس نے ماحول دوست سسٹم لگا یا ہے۔ EPAکے ریکارڈ کے مطابق پنجاب بھر میں صرف ٹوبہ ٹیک سنگھ اور وہاڑی دو اضلاع ہیں جن میں قائم تمام صنعتی یونٹس نے انوائرمنٹل کنٹرول سسٹم لگا رکھے ہیں۔ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں 178اور وہاڑی کے 56یونٹس نے یہ سسٹم لگائے ہیں۔ دستاویزات کے مطابق صوبے میں کل 8ہزار 664اینٹوں کے بھٹے ہیں جن میں سے 8013کو زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل کیا جاچکا ہے جبکہ 651اینٹوں کے بھٹے اب بھی پرانے طریقہ کار کے مطابق چل رہے ہیں۔ رپورٹ کےمطابق اب بھی صوبے کے 11اضلاع میں بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل نہیں ہوئے۔ ضلع بہاولنگر میں 286میں سے صرف 51، مظفر گڑھ کے 320میں سے 170، راولپنڈی 150میں سے 66، نارووال کے 180میں سے 150اور شیخوپورہ کے307میں سے 295اینٹوں کے بھٹے زگ زیگ ٹیکنالوجی پر منتقل ہوئے۔ دستاویزات کے مطابق انوائرمنٹل پروٹیکشن ایجنسی (EPA) نے مختلف صنعتی یونٹس کی 14ہزار859انسپکشنز کیں ، 5230صنعتوں کو نوٹسز جاری کئے ،767کو سیل کیا گیا158مسمار کئے گئے403کے خلاف مقدمات درج ہوئے جبکہ مختلف صنعتوں کو 8کروڑ 69لاکھ 15ہزار کے جرمانے کئے گئے۔ صنعتوں کے خلاف سب سے زیادہ مقدمات لاہور میں 83، گوجرانوالہ میں 72،جھنگ 61، فیصل آباد 53، بہاولنگر36 قصور 24، ملتان 13رحیم یار خان12، ساہیوال 9، ڈی جی خان اور سرگودھامیں آٹھ 8، شیخوپورہ6 ، بہاولپور میں 5، گجرات ، جہلم اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں ایک ایک ، ننکانہ صاحب اور اوکاڑہ میں تین تین جبکہ پاکپتن اور وہاڑی میں دو دو صنعتی یونٹس کے خلاف مقدمات درج ہوئے۔