شوگر انڈسٹری ؛شدید مندی کا رجحان،ایکس مل ریٹ 121روپے فی کلو تک آ گئے

03 دسمبر ، 2024

اسلام آباد(رپورٹ حنیف خالد)شوگر انڈسٹری ؛شدید مندی کا رجحان،ایکس مل ریٹ 121روپے فی کلو تک آ گئے،پنجاب شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے مطابق گزشتہ سیزن میں انڈسٹری نے 67لاکھ ٹن سے زیادہ ،رواں سیزن میں 65لاکھ ٹن سے زیادہ چینی بنے گی،پاکستان کی شوگر مارکیٹ شدید مندی کا شکار ہو گئی ہے۔گزشتہ کرشنگ سیزن میں شوگر ملز مالکان کے چینی کے ایکس مل ریٹ 140روپے فی کلو تک رہے لیکن دو دسمبر پیر کو چینی کے ایکس مل ریٹ خیبرپختونخوا میں 124روپے 50پیسے کلو رہ گئے۔ جبکہ لوئر سندھ میں پیر دو دسمبر کو چینی کے ایکس مل ریٹ 122روپے کلو ہو گئے ۔سنٹرل پنجاب میں بھی چینی کے ایکس مل ریٹ خیبرپختونخوا کی شوگر ملوں کے برابر 124روپے 50پیسے فی کلو رہ گئے۔ جنوبی پنجاب میں چینی کے ایکس مل ریٹ پیر دو دسمبر کو 121روپے فی کلو ہو گئے ۔ چینی کے ایکس مل ریٹ گزشتہ کرشنگ سیزن کے 124روپے کلو سے کم ہو کر 121روپے پیر دو دسمبر کو نیچے آنے کے بارے میں پنجاب شوگر ڈیلرز ایسوسی ایشن کے سینئر ایگزیکٹو ممبر ماجد ملک نے جنگ کو بتایا کہ شوگر انڈسٹری نے جنوبی پنجاب میں 400روپے فی چالیس کلوگرام گنا کاشتکار سے خریدنا شروع کیا ہے۔ جبکہ اپر سندھ اور لوئر سندھ میں کاشتکاروں سے گنا 400روپے فی چالیس کلوگرام شوگر ملیں خرید رہی ہیں۔ سنٹرل پنجاب کی شوگر ملیں 375روپے فی چالیس کلو گرام گنے کی خریداری کر رہی ہیں۔ کاشتکاروں کے مطابق چونکہ گنے کی قیمت پونے چار سو روپے فی چالیس کلوگرام کم ہے اس لئے فوری طور پر گنے کی کٹائی سے ہاتھ کھینچ رہے ہیں۔ ماجد ملک نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ نئے کرشنگ سیزن میں شوگر انڈسٹری نے 65لاکھ 50ہزار ٹن کے لگ بھگ چینی بنائی جبکہ نومبر 2023سے اپریل 2024تک کے کرشنگ سیزن میں پنجاب سندھ خیبرپختونخوا کی شوگر ملوں نے 67لاکھ 50ہزار ٹن چینی بنائی۔