79 فیصد پاکستانی اسموگ سےپریشان، شدید متاثر ہونے کاکہا

03 دسمبر ، 2024

کراچی (نیوزڈیسک)پاکستانی عوام کی اکثریت نے اسموگ سے متاثر ہونے کا بتایا ہے جس میں صوبہ پنجاب کے عوام اسموگ سے سب سے زیادہ پریشان ہیں ۔ اس بات کا پتہ اپسوس پاکستان کے سروے سے چلاجس میں ایک ہزار افراد نے ملک بھر سے حصہ لیا،،سرو ے 18 نومبرسے22 نومبر 2024 کے درمیان کیا گیا ۔ اس سوال پر کہ کیا کیا آپ نےپچھلےماہ اسموگ کا سامنا کیا؟سروے میں شامل 79فیصد افراد نے اثبات میں جواب دیا جبکہ 21فیصد نے کہا کہ انہیں اسموگ کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔ سروے کے تفصیلی جائزے سے پتہ چلا کہ صوبوں میں اسموگ سے پنجاب سب سے زیادہ متاثر نظر آیا اور 94فیصد نےاسموگ کا سامنا کیا۔ خیبرپختونخوا سے 72فیصد، سندھ سے 57فیصد جبکہ بلوچستان سے 47فیصد نے اسموگ سے متاثر ہونے کا کہا۔شہروں میں دیکھا جائے تو سروے میں لاہور سےشامل 100فیصد افراد نے اسموگ سے متاثر ہونے کا کہا ۔ ملتان سے 93فیصد، راولپنڈی /اسلام آباد سے88فیصد جبکہ خیبرپختونخوا کے شہرپشاور سے 86فیصد افراد نےاسموگ کا سامنا کرنے کا کہا۔ اپسوس پاکستان نے عوام سے یہ سوال بھی کیا کہ اسموگ کے باعث ان کے روزمرہ معمولات زندگی میں سب سےزیادہ کیا چیز متاثر ہوئی ؟ تو سروے میں شامل 68فیصد نے اسموگ کے باعث بچوں کی تعلیم سب سے زیادہ متاثر ہونے کا کہا،64فیصد نے روز مرہ کے امور زندگی ، 63فیصد نے کاروباراور آفس کا کام جبکہ 63فیصدنے اسموگ کے باعث سماجی تقریبات میں عدم شرکت اسموگ کےباعث متاثرہونے کا کہا ۔