ڈی چوک سے گرفتار 17 مظاہرین کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور

05 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد کے جج طاہر عباس سپرا نے ڈی چوک سے گرفتار 17 مظاہرین کا مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا جبکہ دو خواتین کو جوڈیشل اور 12 مرد کارکنان کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھیج دیا۔ بدھ کو ایک روزہ ریمانڈ مکمل ہونے پر تمام 17 کارکنان کو عدالت پیش کرتے ہوئے پولیس کی جانب سے مزید جسمانی ریمانڈ کی استدعا کی گئی۔ دلائل سننے کے بعد عدالت نے فیصلہ محفوظ کرلیا اور بعد ازاں تمام17 کارکنان کو مزید تین روزہ جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم سنا دیا۔ ادھر ڈی چوک احتجاج پر درج تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں گرفتار دو خواتین سمیت 14 کارکنان کو بھی عدالت پیش کیا گیا۔ پولیس کی جانب سے دو خواتین کے جسمانی ریمانڈ جبکہ مرد ملزمان کی شناخت پریڈ کی استدعا کی گئی۔ عدالت نے دونوں خواتین کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل جبکہ12 کارکنان کو شناخت پریڈ کے لئے جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔ ادھر جوڈیشل مجسٹریٹ اسلام آباد احمد شہزاد گوندل نے پی ٹی آئی احتجاج پر تھانہ رمنا میں درج دو مختلف مقدمات میں گرفتار 37 کارکنان کو شناخت پریڈ کیلئے جیل بھجوا دیا۔ عدالت نے تمام37 کارکنان کو 18 دسمبر کو دوبارہ عدالت پیش کرنے کا حکم دیا۔ علاوہ ازیں سینئر سول جج اسلام آباد محمد عباس شاہ نے حقیقی آزادی مارچ پر درج تھانہ کوہسار کے مقدمہ میں غیر حاضر ملزمان علی نواز اعوان، راجہ خرم شہزاد نواز اور دیگر کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری برقرار رکھتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔