صدر، وزیراعظم کالکی مروت میں خوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پر فورسز کو خراج تحسین

05 دسمبر ، 2024

اسلام آباد ( نمائندہ خصوصی،نیوز رپورٹر )صدر مملکت آصف علی زرداری اور وزیراعظم شہباز شریف نےلکی مروت میں فتنۃ الخوارج کیخلاف کامیاب آپریشن پر سکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا ہے، صدر مملکت نے خوارج دہشتگردوں کے خلاف کامیاب کاروائی پر سیکیورٹی فورسز کی بہادری کو سراہا ،انہوں نے کاروائی کے دوران 5 خوارج جہنم واصل کرنے، 2 زخمی کرنے پر سکیورٹی فورسز کی بہادری کی تعریف کی اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے تک دہشتگردوں خلاف کاروائیاں جاری رکھنے کے قومی عزم کا اظہار کیا ہے ۔ ادھروزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت ملک سے خوارج اور دہشتگردی کے مکمل خاتمے کیلئے سرگرم عمل ہے، انسانیت کے دشمنوں کے مذموم عزائم اسی طرح خاک میں ملاتے رہیں گے ۔وفاقی وزیرداخلہ محسن نقوی نے لکی مروت میں نے 5 خوارجی دہشتگردوں کو جہنم واصل کرنے پر سکیورٹی فورسز کو شاباش دی ۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی فورسز نے بروقت کارروائی کرکے خوارجی دہشتگردوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنایا، قوم کو بہادر سکیورٹی فورسز پر ناز ہے، قوم کی حمایت سے دہشت گردوں کا صفایا کرینگے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے بھی لکی مروت میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا انہوں نے کہا کہ ملک کے امن اور سلامتی کو چیلینج کرنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔