جی ایچ کیو حملہ کیس ، پی ٹی آئی رہنماء عمر ایوب کی بریت درخواست خارج

05 دسمبر ، 2024

راولپنڈی (نمائندہ جنگ) انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت راولپنڈی کے جج امجد علی شاہ نے جی ایچ کیو حملہ کیس میں تحریک انصاف کے رہنما عمر ایوب کی جانب سے دائر بریت کی درخواست خارج کردی،علاوہ ازیں جی ایچ کیو حملہ کیس کے ملزم عمران خان کے وکلاء کی جانب سے مقدمہ سیشن کورٹ منتقل کرنے کی درخواست پر سماعت عدالتی وقت ختم ہونے کی وجہ سے آج تک ملتوی کر دی گئی، عدالت نے پولیس کی طرف سے ملزمان کو تاخیر سے پیش کرنے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ریجنل پولیس افسر راولپنڈی کو نوٹس جاری کرتے ہوئے آج جواب طلب کرلیا عدالت کا کہنا تھا کہ تنبیہ کے باوجود بعض مقدمات کے ملزمان بالخصوص اٹک پولیس ملزمان کو تاخیر سے عدالت پیش کر رہی ہے جس کی وجہ سے مسائل پیدا ہو رہے ہیں عدالت نے آر پی او کو ہدایت کی کہ آج تحریری جواب دیں کیوں نہ آپ کیخلاف توہین عدالت کی کارروائی کی جائے عدالت نے اس صورتحال سے متعلق آئی جی پنجاب کو نوٹس کی کاپی بھجوا دی، دریں اثنا جی ایچ کیو حملہ کیس میں سابق صوبائی وزیر محمد بشارت راجہ کے ناقابل ضمانت وارنٹ گرفتاری پشاور ہائی کورٹ سے ملزم کی حفاظتی ضمانت منظور ہونے پر منسوخ کر دیئے، بعدازاں میڈیا سے گفتگو میں بشارت راجہ کا کہنا تھا ہمارے کارکنوں کے ساتھ غیر انسانی سلوک کیا جا رہا ہے سینکڑوں کارکنوں کو بے گناہ جیلوں میں ٹھونسا گیا پولیس کو بھی ان کی گرفتاری کی وجہ معلوم نہیں ہم قانون کا احترام کرتے ہیں میں کل جی ایچ کیو حملہ کیس میں عدالت میں پیش ہوں گا۔