سینیٹ کمیٹی اجلاس،صوبوں سے اقلیتوں کی مکمل تفصیلات طلب

05 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (خبر نگار) سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے قانون و انصاف نے ادارہ شماریات سے تمام صوبوں سے اقلیتوں کی مکمل تفصیلات جبکہ الیکشن کمیشن سے معاونت طلب کر لی ہے۔ کمیٹی نے ساہیوال میں وفاقی محتسب آفس کے قیام سے متعلق عوامی پٹیشن نمٹا دی۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی قانون و انصاف کا اجلاس گزشتہ روز سینیٹر فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاوس میں منعقد ہوا۔ ایڈیشنل سیکرٹری قانون نے بتایا کہ وفاقی محتسب کی جانب سے جواب آیا ہے کہ ساہیوال میں شکایات کی تعداد محض 300 ہے ، یہ تعداد اتنی زیادہ نہیں کہ وہاں دفتر کھولا جائے۔ اجلاس میں ہر صوبے سے اقلیتوں کی نشست مختص کرنے کا سینیٹر منظور احمد اور سینیٹر دنیش کمار کا آئینی ترمیمی بل 2024 بھی زیر غور آیا جس میں آئین کے آرٹیکل 51 میں ترمیم کی سفارش کی گئی۔ یہ بل یکم جنوری 2024 کو سینیٹ کے اجلاس کے دوران پیش کیا گیا تھا۔ کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ الیکشن کمیشن اور وزارت مذہبی امور کے نمائندوں کو آئندہ اجلاس میںبلایا جائے تاکہ جامع فیصلہ سازی کے عمل کو یقینی بنایا جا سکے۔