معاشی سرگرمیوں کیلئے روڈ نیٹ ورک ریڑھ کی ہڈی کا کردار رکھتا ہے، عبدالعلیم خان

05 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان کی زیر صدارت نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے اجلاس میں اب تک کی کارکردگی کا جائزہ اور جاری و مستقبل کے منصوبوں پر غور و خوص ہوا۔ اجلاس میں معاشی و کاروباری سرگرمیوں اور غیر ملکی سرمایہ کاری میں نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے کردار کو خصوصی طور پر زیر بحث لایا گیا۔ وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ملک بھر میں روڈ نیٹ ورک کی مزید بہتری سے معاشی و کاروباری سرگرمیوں کو نمایاں فروغ مل سکتا ہے کیونکہ پاکستان میں معاشی سرگرمیوں کے لئے روڈ نیٹ ورک ریڑھ کی ہڈی کا کردار رکھتا ہے، انہوں نے کہا کہ حیدر آباد سے سکھر موٹروے ایم 6 اور کراچی سے حیدرآباد ایم 9کو پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت تعمیر کیا جا سکتا ہے، اسی طرح مانسہرہ سے کاغان، ناران روڈ کو موٹروے کی طرز پر بنایا جائے گا کیونکہ ملک کے بالائی علاقوں میں شاہراہوں کے منصوبے بھی نجی سرمایہ کاری کیلئے پُرکشش حیثیت رکھتے ہیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے ریونیو میں اضافے سے ملکی خزانے پر بوجھ کم ہوسکتا ہے لہٰذا این ایچ اے دوسرے ملکوں میں تعمیراتی منصوبوں میں حصہ لے کر اپنے ریونیو میں اضافہ کرے اور اس امر کے لئے بیرون ملک این ایچ اے کی سرگرمیوں کے لئے قانونی طریقے تلاش کئے جائیں۔ اجلاس میں چیئرمین نیشنل ہائی وے اتھارٹی اور دیگر سینئر افسران نے وفاقی وزیر کو ادارے کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی۔