سائنس کمیٹی ،پی ایس کیو سی اے کو 2ماہ میں ڈیجیٹلائزیشن مکمل کرنیکی ہدایت

05 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری )سینٹ کی قائمہ کمیٹی سائنس و ٹیکنالوجی سنیٹر کامل علی آغا نے پاکستان سٹینڈرڈاینڈ کوالٹی کنٹرول اتھارٹی ( پی ایس کیو سی اے) کے ڈائریکٹر جنرل پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں باتیں نہ سنائیں کام کرکے دکھائیں، دو ماہ میں ڈیجیٹلائزیشن کا عمل مکمل کریں، ورنہ ہم کروائیں گے ، اچار کے نام پر زہر ،دودھ کے نام پر ٹی وائٹنر بیچا جارہا ہے،کھانے پینے کی اشیاء کو چیک کرنے والا کوئی نہیں ، وفاقی سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا وائٹنر بیچنے والے اشتہار میں دودھ کا لفظ استعمال نہیں کرتے، کمپنیاں اشتہار میں چالاکی سے کام لیتی ہیں تاکہ قانون کی گرفت میں نہ آئیں، قبل ازیں ڈائریکٹر جنرل پی ایس کیو سی اے توفیق عباسی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ پی ایس کیو سی اے میں ای فائلنگ شروع کردی گئی ہے ، سیکرٹری سائنس و ٹیکنالوجی نے بتایا کہ فوڈ کا معاملہ صوبائی ہے، پی ایس کیو سی اے صوبائی حکومتوں کے ساتھ مل کر کام کررہا ہے ، کمیٹی نے وفاقی وزیر خالد مقبول صدیقی کی اجلاس میں عدم شرکت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں وزیر سائنس و ٹیکنالوجی کو دیکھنے کی حسرت ہی رہ گئی ہے ، قائمہ کمیٹی نے وزارت سائنس کے سربراہان سے متعلق رپورٹ آئندہ اجلاس میں طلب کرلی، حکام نے کمیٹی کو بتایا نیشنل یونیورسٹی آف سائنسز اینڈ ٹیکنالوجی ( نسٹ) نے ارادہ کمپنی بنائی ہے ، اس کا بورڈجلد تشکیل ہو جائے گا ، قائمہ کمیٹی نے ارادہ کمپنی کی قانون سازی کی سفارش کردی۔