مساجد پر حملوں میں خطرناک حد تک اضافہ، پاکستان کا اظہار تشویش

05 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (نامہ نگار خصوصی) ایڈیشنل سیکرٹری خارجہ عمران احمد صدیقی نے اقوام متحدہ کے 10ویں الائنس آف سولائزیشنز (یو این اے او سی) گلوبل فورم میں پاکستان کی نمائندگی کی۔ بدھ کو دفتر خارجہ کے مطابق یو این اے او سی کے اعلیٰ سطحی گروپ آف فرینڈز کی وزارتی میٹنگ اور مذہبی مقامات کی حفاظت پر عالمی کانفرنس کاسکیس پرتگال میں منعقد ہوئی ۔ کانفرنس میں پاکستان کی نمائندگی کرنے والے وفد میں پرتگال میں پاکستان کے سفیر خالد اعجاز بھی شامل تھے۔عمران احمد صدیقی نےاس موقع پر اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ اور مساجد پر دانستہ حملوں ،جو اکثر استثنااور ریاستی اجازت کے ساتھ کئے جاتے ہیں، میں خطرناک حد تک اضافے پر تشویش کا اظہارکیا ۔ انہوں نے یو این اے او سی پر زور دیا کہ وہ تباہی کے خطرے سے دوچار مساجد اور دیگر اسلامی مذہبی اور ثقافتی ورثے کے حامل مقامات کے تحفظ کو ترجیح دے ۔