بندوق غلیل ، پھتر اور کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کا چہرہ نہیں ، مریم نواز

05 دسمبر ، 2024

لاہور(ٹی وی رپورٹ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نےکہا ہےکہ بندوق، غلیل، پتھر اور کیلوں والے ڈنڈے پاکستان کا چہرہ نہیں، پاکستان کا چہرہ یونیورسٹیز میں پڑھنے والے بچے ہیں۔لاہور میں ہونہار اسکالر شپ پروگرام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ فیصلہ نوجوانوں نے کرنا ہےکہ وہ کونسے پاکستان کا چہرہ بنتے ہیں۔مریم نواز کا کہنا تھا کہ اگر ان کا بیٹا بھی ڈگری لےکر تمیز دار نہ بنے تو وہ ڈگری نہیں صرف کاغذ کا ٹکڑا ہے۔وزیراعلی پنجاب نے کہا کہ آپ کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو اگر آپ ہونہار طالب علم ہیں تو آپ کو ہونہار اسکالر شپ ملےگی، ہونہار اسکالر شپ پروگرام سے قابل طلبا کا مستقبل محفوظ ہوگا، وسائل نہ رکھنے والے طلبا کے خواب حقیقت بنیں گے، 30 ہزار اسکالر شپس میں 12 ہزار لڑکے اور 18 ہزار لڑکیاں ہیں۔مریم نواز نے جنوری میں ہونہار طلبا میں لیپ ٹاپ بھی تقسیم کرنے کا اعلان کیا۔انہوں نے کہا کہ جنیدجب ڈگری لیکر آیاتو مجھے بڑی خوشی ہوئی اسکی ڈگری دیکھ کرمیں نے اسکو بڑا پیار کیا،لیکن یہ ڈگری صرف کاغذ کا ٹکڑا ہے ،اگر جنید کوبڑو ں سے بات کرنے کی تمیز نہیں ،اگر اس کے اندریہ تفریق نہیں ہے کہ اپنی جو بات ہے وہ کسی کو گالی دیئے بغیر،کسی کو name callingکے بغیر ،کسی سے زبان درازی کیے بغیراگر اسکو بات کرنی نہیں آتی تو یہ اسکا،اسکی ڈگری جو ہے وہ ایک کاغذ کے ٹکڑے سے زیادہ کچھ بھی نہیں ہے،تو میں بطور ماں یہ بات آپ کو ضرور کہنا چاہوں گی۔ کوئی ایسی بات کر بھی دیں جو آپ کو پسند نہیں آرہی یا جو آپ پر کنٹرول کرنا مشکل ہے تو اس وقت اپنے آپ پر کنٹرول کرو کیونکہ وہ ایک ایک لفظ جو آپ منہ سے نکالو گے وہ اس کے impactآپ کی پوری زندگی پر ہوگا،یہ بات ہمیشہ یاد رکھنا ، اسی طرح آپ کے جو اساتذہ کرام ہیں آ پ کے جو ٹیچرز ہیں،آپ کے جو پروفیسر ہیں ان کی بھی جوعزت ہے تکریم ہے ان کو honourکرنا ہے وہ بھی ہم سب کی ذمہ داری اور آخری بات میں کرنے لگی ہوں اور وہ یہ ہے کہ جیسے آپ کی اپنی طرف ذمہ داری ہے اپنی زندگیو ں میں بہتر ی لانے کی ذمہ داری ہے ایسے ہی آپ کی ذمہ داری اپنے ماں باپ کی طرف ہے ،اپنے گھر والوں کی طرف ہے ،اپنی سوسائٹی کی طرف ہے،اپنے محلے کی طرف ہے،لیکن اس سب سے بڑی ذمہ داری آپ کی وہ contractہے جو آپ نے اپنے ملک کے ساتھ سائن کیا ہوا ہے،جب سوچنا پاکستانی بن کر سوچنا اور جو چیزآپ کے ملک کیلئے اچھی نہیں ہے وہ آپ کیلئے اچھی نہیں ہے،یہ ملک ہے تو ہم ہیں،اگر خدانخواستہ اس ملک کو نقصان ہوا تو ہمارا کوئی نام و نشان نہیں رہے گا اس دنیا میں ،تو آج جہاں میں آپ سے وعدہ کرکے جارہی ہوں کہ آپ کی زندگی میں بہتری لانے کیلئے ،آسانی لانے کیلئے ،آپ کیلئے مواقع پیدا کرنے کیلئے ،opportunitiesپیداکرنے کیلئے ،میں دن رات ایک کردو ں گی،یہ وعدہ کرکے جارہی ہوں،آپ بھی مجھ سے وعدہ کروہاتھ اٹھاکر وعدہ کروکہ کبھی کوئی ایسا کام نہیں کروگے جوآپ کے ملک کو نقصان پہنچائے گا،اللہ تعالیٰ آپ کوخوب ترقی دے،خوب آگے بڑھو،خوب پڑھو،اس ملک کا نام روشن کرو،اپنے وطن کا نام روشن کرو، اپنی مٹی کا نام روشن کرو،اپنے ماں باپ کا ،اپنے خاندان کانام روشن کرو،اللہ تعالیٰ آپ کا حامی و ناصر ہے ۔ پنجاب میں ہونہار سکالر شپ پروگرام باقاعدہ شروع ہو گیا، ہیلتھ اصلاحات کیلئے دس روز میں جامع پلان طلب کرلیا گیا، وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے کہا ہے کہ بچے بچے قوم کا مستقبل ہیں ،فتنے فساد کا ایندھن نہیں ،وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف کی زیرصدارت خصوصی اجلاس میں فری میڈیسن کی فراہمی،ویئر ہاؤس پراجیکٹ،پنجاب ہیلتھ انیشیٹو مینجمنٹ کمپنی اور یونیورسل ہیلتھ انشورنس اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی جائزہ لیا گیا، 10روز کے اندر سمال ٹرم، میڈیم ٹرم اور لانگ ٹرم اصلاحات پیش کرنے کی ہدایت کی اور اعلیٰ سطح وزراتی کمیٹی قائم کردی گئی-وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے ہیلتھ کے لئے درکار فنڈز کی فوری ریلیز کی ہدایت کی-چلڈرن ہارٹ سرجری کے لئے بیرون ملک سے سرجنز بلوانے ،چلڈرن ہارٹ سرجری کیلئے پوسٹ گریجوایٹ کی ڈاکٹرز کی سیٹیں بڑھانے کے لئے اقدامات ، مریضوں کو ادویات ہر صورت گھر تک پہنچانے کی ہدایت کی -فری میڈیسن گھر گھر پہنچانے کیلئے کوریئر کمپنی کی کارکردگی پر عدم اعتماد کا اظہارکیاگیا ، ہر بی ایچ یو میں ڈاکٹرز کی 100فیصد حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی -چلڈرن ہارٹ سرجری کے لئے مزید 7پرائیویٹ ہسپتال پینل میں شامل کرنے کی ہدایت کی-وزیراعلی نے کہاکہ بچوں کی ہارٹ سرجری کیلئے کسی بھی صورت میں کوالٹی آف سرجری پر سمجھوتا نہ کیا جائے ، سرکاری ہسپتالوں سے ادویات کا چوری ہونا شرم ناک ہے ذمہ داروں کو عبرت کا نشان بنائیں گے۔ ادویات ختم ہونے سے پہلے پیشگی اطلاع کا سسٹم ہونا چاہیے ،وزیراعلی نے پنجاب یونیور سٹی میں پاکستان کے سب سے بڑے ہونہار سکالرز شپ لانچ کر دیا ،طلبہ میں چیک تقسیم کرکے ہونہار سکالرز شپ سکیم کا باقاعدہ افتتاح ، ای پورٹل کا بھی آغاز کیا فارنرز سکالر شپس کا اعلان کیا-وزیراعلی ٰ نے جنوری میں طلبہ کے لئے لیپ ٹاپ سکیم کے آغاز کاحکم دیا اورطلبہ کو مزیدای بائیکس دینے کے لئے اقدامات کی ہدایت کی- طلبہ کو پولیس کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا-وزیراعلی نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا پنجاب کا کوئی بچہ یونیورسٹی میں داخلہ ملنے پر مالی وسائل کی کمی کی وجہ سے تعلیم سے محروم نہیں رہے گا ، 70ہزار طلبہ نے اپلائی کیا -30ہزار طلبہ کو سکالر شپ دے رہے ہیں - طلبہ کا تعلق کسی بھی جماعت سے ہو ہم انہیں بلاتفریق سکالر شپ دیں گے ، 5سال میں بہترین کوالٹی ایجوکیشن دے کرجائیں گے،جو اعلان یا وعدہ کرتی ہوں پورا کروں گی، نوازشریف کی بیٹی ہوں ،پاکستان کا چہرہ یہ یوتھ ہے،غلیل، بندوق اور کیلوں والے ڈنڈے رکھنے والے پاکستان کا چہرہ نہیں ہوسکتے -بچے یونیورسٹیو ں اور کالجوں میں پڑھتے اچھے لگتے ہیں، ڈی چوک میں بیٹھ کر ڈنڈے اورغلیلیں چلاتے اچھے نہیں لگتے-میں کیسے چاہو ں گی کہ میرے بیٹے جنید کے ہاتھ میں کیل والا ڈنڈا ہو -کوئی ماں نہیں چاہے گی کہ اس کے بیٹے کے ہاتھ میں پٹرول بم اور پتھر ہو ،سی ایم ایچ میں پولیس اور رینجرز کے جوانوں کی کھوپڑیاں، ٹانگیں، بازو اورہڈیاں ٹوٹی ہوئی تھیں -اگر یہ حملے اور جلاؤ گھیراؤ پازیٹو ہے تو اپنے بچے آگے ہونا چاہئیں -اپنے بچے محفوظ ہیں اور قوم کے بچوں کو مار کھانے اور مارنے کے لئے چھوڑا ہواہے-وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ بیلا روس کے صدر آئے،ان کو یونیورسٹی آنا چاہیے تھا بچوں سے ملنا چاہیے تھا لیکن وہ دھواں اور شیلنگ دیکھ کر گئے ، پنجاب کے ہر بچے کے لئے آگے بڑھنے کے مواقع پیدا کرنا چاہتی ہوں ،بچوں کو ترقی کے انجن کا ایندھن بننا چاہیے، فتنے فساد کا ایندھن نہیں -وزیراعلی مریم نوازشریف نے بچو ں سے پاکستان کو نقصان نہ پہنچانے کا وعدہ بھی لیا- -وزیراعلی ٰ تقریب میں طلبہ کے درمیان بیٹھ گئیں، بات چیت کی اور تصاویر بنوائیں - وزیر اعلیٰ پنجاب نے بینکنگ کے عالمی دن پرمالیاتی تنظیموں، ماہرین اور معاشی ترقی کے ہر سٹیک ہولڈرکو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ صوبے کی ترقی کے لیے پنجاب بینک کے کردار کو سراہتے ہیں۔ مضبوط، شفاف اور منصفانہ مالیاتی نظام کا قیام پنجاب حکومت کا وژن ہے۔وزیر اعلیٰ نے ایڈمرل یسطور الحق ملک کے انتقال پر سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی و تعزیت کا اظہار کیا۔