PTIکااحتجاج پر امن تھا اس سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہوسکتا،رانا ثناء

05 دسمبر ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئےمشیروزیراعظم برائے سیاسی اموررانا ثناء اللہ نےکہا ہے کہ اس سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہوسکتا کہ پی ٹی آئی کااحتجاج پر امن تھا، پی ٹی آئی پاکستان کے خلاف بات کو ہمیشہ ابھارتی ہے۔پی ٹی آئی نے ہمیشہ ریاست کے خلاف پراپیگنڈا کیا،خیبر پختونخوا کے لوگوں کو بالکل ٹارگٹ نہیں کیا جارہا اور نہ کیا جائے گا،میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا کے عوام کی مزاحمت اورپارلیمنٹرینز نے اس عمل کو صرف چھ گھنٹوں بعد واپس کروا دیا۔اب مارشل لاء نافذ کرنے والے صدر خود مواخذے کی زد میں ہیں۔ان کی اپنی جماعت تک ان کے خلاف کھڑی ہوگئی ہے۔ مشیروزیراعظم برائے سیاسی اموررانا ثناء اللہ نےکہا کہ پختونوں کے حوالے سے پی ٹی آئی منفی پراپیگنڈ ا کررہی ہے۔خیبر پختونخوا سے15 سے 20 ہزار کے قریب مسلح لوگ اسلام آباد لائے گئے۔پکڑنے والوں کا قصور نہیں، آنے والوں کا قصور ہے کہ مسلح ہوکر آئے۔جو لوگ گمراہ کرکے خیبر پختونخوا سے مسلح جتھے لائے وہ ذمہ دار ہیں۔پی ٹی آئی قیادت معصوم لوگوں کو ورغلا کر احتجاج میں لائی۔پی ٹی آئی نے لوگوں کو ورغلایا کہ مسلح ہوکر اور کفن باندھ کر ہمارے ساتھ آئیں۔سیدھی گولیاں پی ٹی آئی والوں نے ماری ہیں۔قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ڈھائی سو کے قریب اہلکار زخمی ہوئے۔ہر قسم کا اسلحہ ان کے پاس موجود تھا اس کی آڈیو اور ویڈیو ہے۔اس سے بڑا جھوٹ کوئی نہیں ہوسکتا کہ پی ٹی آئی کااحتجاج پر امن تھا۔اس میں کوئی شک نہیں کہ تین دن تک لوگوں کو بہت تکلیف ہوئی۔جو لوگ پورے معاشرے کو تکلیف دیتے ہیں ان کا بھی احتساب ہونا چاہئے۔پی ٹی آئی کا اسلام آباد میں کوئی انتظام نہیں تھا، صرف لوگوں کو ڈی چوک کا کہہ دیا۔احتجاج سے متعلق پی ٹی آئی کا کوئی انتظام نہیں تھا ، وہاں ان کا رکنا مشکل تھا۔ مظاہرین ریڈ زون میں داخل ہوکر کسی بہت بڑے سانحے کا سبب بن سکتے تھے۔پی ٹی آئی اب اتنی جلدی دوبارہ احتجاج کی پوزیشن میں نہیں آئے گی۔اب شایدپی ٹی آئی کبھی بھی دوبارہ آنے کی پوزیشن میں نہ ہو۔جہاں تک بات ہے انگیج منٹ کی تو بالکل ہونی چاہئے۔ہم پہلے بھی ان کے ساتھ مذاکرات کے لئے تیار تھے آج بھی ہیں۔وزیراعظم نے ان کو مذاکرات کی دعوت دی لیکن انہوں نے انکار کیا۔ میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ جنوبی کوریا میں کل رات کواس کے شہریوں نے انتہائی حیران کن حالات کا سامنا کیا۔جنوبی کوریا کے صدر نے اپنے خطاب میں ملک میں مارشل لاء نافذ کرنے کا اعلان کردیا۔ عوام کی مزاحمت اورپارلیمنٹرینز نے اس عمل کو صرف چھ گھنٹوں بعد واپس کروا دیا۔اب مارشل لاء نافذ کرنے والے صدر خود مواخذے کی زد میں ہیں۔ان کی اپنی جماعت تک ان کے خلاف کھڑی ہوگئی ہے۔شاہزیب خانزادہ نے مزیدکہا کہ حالیہ دھرنے میں ناکامی بعد تحریک انصاف میں یہ مسئلہ شدت اختیار کرتا جارہا ہے کہ ناکامی ذمہ داری کس پر ڈالی جائے۔عمران خان کی ہدایات کیا تھیں؟ صورتحال مزید پیچیدہ ہوگئی۔پارٹی کے اندر شدید اختلافات سامنے آرہے ہیں۔اس سارے تنازع میں عمرا ن خان پارٹی قیادت کے بجائے بشریٰ بی بی کے ساتھ کھڑے نظر آرہے ہیں۔ شاہزیب خانزادہ نے مزیدکہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ میں پی ٹی آئی دھرنے سے متعلق سماعت میں چیف جسٹس نے حکومتی وکیل سے کہا کہ آپ نے امن و امان بحال کرنا تھامگر آپ نے تو پورا اسلام آباد بند کردیا۔میں پی ٹی آئی سے بھی پوچھو ں گا کہ عدالتی احکامات کی خلاف ورزی کیوں کی گئی؟ پی ٹی آئی نے غلط کیا تو حکومت نے بھی تو غلط ہی کیا۔شاہزیب خانزادہ نے مزیدکہا کہ دنیا بھر میں کہیں بھی عورتوں کے قتل یا ان کے ساتھ جرم کے واقعات رپورٹ ہوتے ہیں تو ہمیشہ یہ جملہ دہرایا جاتا ہے کہ وہ گھر پر کیوں موجود نہیں تھیں۔ اقوام متحدہ کی حالیہ رپورٹ کا کہنا ہے کہ 2023 ء دنیا بھر85 ہزار خواتین اور لڑکیوں کا قتل کیا گیا۔ جن میں سے60 فیصد خواتین کوگھر پر ان کے قریبی رشتے دار یا ساتھی نے قتل کیا۔ رپورٹ کے مطابق ہر روز140 خواتین اور لڑکیاں اپنے قریبی رشتہ دار یا ساتھی کے ہاتھوں قتل ہوتی ہیں۔