حکومت کا یکم جنوری 2025سے وی پی این لائسنسنگ نظام شروع کرنیکافیصلہ

06 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری) وفاقی حکومت نے یکم جنوری 2025ء سے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کیلئے لائسنسنگ نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ متعلقہ سکیورٹی خدشات کو دور کیا جا سکے۔ اس بات کا انکشاف چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونی کیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا۔ چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ ہم وی پی این بلاک نہیں کر رہے لیکن یکم جنوری 2025 سے وی پی این کے لائسنس جاری کرنا شروع کر دینگے۔ انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ملک میں غیر قانونی وی پی این بلاک کرنے سے متعلق وزارت داخلہ کے خط پر وزارت قانون سے رائے مانگی گئی تھی تاہم تاحال کوئی جواب نہیں ملا۔ انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی سست روی پر وی پی این کا کوئی اثر نہیں ہوا۔ انہوں نے کہا کہ اب تک 31ہزار وی پی اینز رجسٹرڈ ہوئے ہیں۔