عمران خان نے گلے سے لگایا اور میرا بوسہ بھی لیا،شیخ رشید

06 دسمبر ، 2024

اسلام آباد(فاروق اقدس)عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید جو پاکستان تحریک انصاف کے حامی اور اتحادی بھی رہ چکے ہیں تاہم گزشتہ کافی عرصے سے سیاسی پس منظر میں ہیں اور صرف خود پر قائم مقدمات کی سماعت کے موقع پر عدالتوں میں ہی نظر آتے ہیں۔جمعرات کو ان کی ملاقات بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ہوئی۔ یہ ملاقات اڈیالہ جیل میں ہوئی جہاں پی ٹی آئی کے بانی چیئرمین عمران خان اور شیخ رشیدکا اپنے مقدمات کے سلسلے میں اڈیالہ جیل میں ہونے والی سماعت کے موقع پر آمنا سامنا ہوا۔ کیس کی سماعت کے بعد میڈیا سےگفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید جو اس موقع پر خاصے پرجوش نظر آ رہے تھے انہوں نے بتایا کہ عمران خان سے بڑے عرصے بعد ملاقات ہوئی۔عمران خان نے مجھے گلے لگایا اور بوسہ بھی لیا۔ان سے کمرہ عدالت میں کافی دیر تک مختلف موضوعات پر گپ شپ ہوئی تاہم اس گپ شپ کی تفصیلات کے بارے میں شیخ رشید نے خاموشی اختیار کی۔