یوکرائن جیسی6سے12ماہ کی جنگ میں برطانوی فوج تباہ ہوسکتی ہے،الیسٹر کارنز

06 دسمبر ، 2024

لندن (پی اے) وزارت دفاع کے ایک وزیر الیسٹر کارنز نے متنبہ کیا ہے کہ یوکرین جیسی6 سے 12ماہ کی مکمل جنگ میں برطانوی فوج تباہ ہوسکتی ہے اور یوکرین پر روس کی طرح کی فوج کشی میں برطانوی فوج کی بھی اسی طرح کی ہلاکتیں ہوسکتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس صورت حال کے پیش نظر معاملات کو زیادہ دقیع انداز میں دیکھنے سمجھنے اوربحران کی صورت میں طاقت پیدا کرنے کی ضرورت واضح ہوتی ہے۔ اسکائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق مسٹر کارنز، جو ایک سابقہ رائل میرینز کرنل ہیں، نے کہا کہ روس کوروزانہ تقریباً 1,500 فوجیوں کے ہلاک یا زخمی ہونے کا نقصان پڑرہا ہے۔ انھوں نے کہا کہ بڑے پیمانے کی ایک جنگ میں نہ کہ محدود مداخلت بلکہ یوکرین جیسی جنگ میں ہماری فوج اگر ایک وسیع تر کثیر القومی اتحاد کا حصہ ہو تو جانی نقصان کی موجودہ شرح پر چھ مہینے سے ایک سال میں ختم ہو جائے گی۔ مسٹر کارنز نے لندن میں رائل یونائیٹڈ سروسز انسٹی ٹیوٹ نامی دفاعی تھنک ٹینک میں ایک کانفرنس میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس کا مطلب یہ نہیں کہ ہمیں بڑی فوج کی ضرورت ہے لیکن اس کا مطلب یہ ہے کہ آپ کو بحران کی صورت میں تیزی سے گہرائی اور طاقت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔ سرکاری اعداد و شمار سے پتہ چلتا ہے کہ یکم اکتوبر کو فوج میں 109,245 اہلکار تھے، جن میں 25,814 رضا کار ریزرو تھے۔