خالصتان کے حامی نے امرتسر دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی

06 دسمبر ، 2024

کراچی(نیوز ڈیسک)خالصتان تنظیم کے حامی بیرون ملک بیٹھے ہیپی پسیا نیلی نےبھارتی شہر امرتسرمیں واقع مجیٹھا تھانہ میں دھماکے کی ذمہ داری قبول کر لی ، ملزم نے خالصتان تنظیم ببر خالصہ کی پوسٹ وائرل کی، ساتھ ہی اس نے پوسٹ میں لکھا کہ وہ اس سے بھی بڑی وارداتوں کوسر انجام دینے کی تیاری کررہا ہے۔ مجیٹھا تھانہ میں دھماکہ بدھ کی شب تقریباً 11 بجے ہوا تھا۔ اس دھماکے کے بعد علاقہ میں افرا تفری پیدا ہو گئی تھی۔تاہم، جمعرات کی صبح دھماکے والی جگہ پر صفائی کروا دی گئی۔ جائے حادثہ پر تھانہ انچارج کے کمرے میں شیشے ٹوٹے پڑے ہوئے تھے اور دھماکے کی وجہ سے سامان سب بھی بکھر گیا تھا۔ ایس ایس پی چرنجیت سنگھ نے اندیشہ ظاہر کیا تھا کہ حادثہ ٹائر پھٹنے کی وجہ سے ہوا ہے، لیکن جائے حادثہ کا معائنہ کرنے کے بعد واضح ہوگیا تھا کہ یہ ٹائر پھٹنے کا واقعہ نہیں ۔ مجیٹھا تھانہ کے اندر ایک نامعلوم شخص نے ہینڈ گرینیڈ پھینکا تھا،تھانے کے اندر کھلی جگہ پر گرینیڈ پھینکنےکے بعد زبردست دھماکہ ہوا۔