اسلا م آباد(نامہ نگار خصوصی)پاک فوج کی فارمیشن کمانڈرز کانفرنس نےوفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں اعلی سطح غیرملکی وفود کے تحفظ کیلئے پاک فوج کی تعیناتی پر کیے جانے والے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاہے کہ یہ پروپیگنڈابعض سیاسی عناصر کے مذموم عزائم کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے‘پروپیگنڈے کا مقصد پاکستان کے عوام‘ مسلح افواج اور اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے‘ایسی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی ‘ضروری ہے کہ حکومت بے لگام غیر اخلاقی آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں زَہْر اُگَلْنا‘ جھوٹ اور معاشرتی تقسیم کا بیج بونے کے خاتمے کیلئے سخت قوانین وضوابط بنائے اور ان پر عمل درآمد کرائے‘ سیاسی ومالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے‘ ذاتی مفادات کیلئے معصوم شہریوں کو ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے اور تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ فورم نے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے‘غیر قانونی سرگرمیوں کے خلاف کریک ڈاؤن اور دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے میں حکومتی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم کیا۔آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت دو روزہ 84ویں فارمیشن کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا، کانفرنس میں کور کمانڈرز، پرنسپل سٹاف آفیسرز اور پاک فوج کے تمام فارمیشن کمانڈرز نے شرکت کی۔کانفرنس کے آغاز میں فورم نے شہداء کے ایصال و ثواب کیلئے فاتحہ خوانی کی اور ملک کے امن و استحکام کیلئے شہدائے افواجِ پاکستان، قانون نافذ کرنے والے اداروں، پاکستانی شہریوں اور اسلام آباد میں حالیہ پر تشدد مظاہروں میں جام شہادت نوش کرنے والے سکیورٹی اہلکاروں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کیا،فورم نے بھارت کی جانب سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت بھی کی اور کشمیری عوام کیلئے پاکستان کی غیر متزلزل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا۔کانفرنس کے شرکاء نے فلسطینی عوام کیساتھ اظہار یکجہتی اور غزہ میں جاری مظالم کی پُر زور مذمت کی اور غزہ میں جاری فوجی جارحیت کے خاتمے کیلئے بین الاقوامی قانونی اقدامات کی بھی حمایت کی،شرکاء کو بیرونی اور اندرونی خطرات کے تناظر میں موجودہ صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی گئی، شرکاء نے روایتی اور غیر روایتی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا جائزہ بھی لیااور انسداد دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشنز کا جامع تجزیہ کیا۔اعلامیہ کے مطابق فورم نے بلوچستان میں دہشتگردوں بالخصوص بی ایل اے مجید بریگیڈ کیخلاف آپریشن پر خصوصی توجہ دینے کے ساتھ ساتھ پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کیلئے دشمن قوتوں کی ایماء پر کام کرنے والے دہشتگردوں، ان کے سہولت کاروں اور ان کی حوصلہ افزائی کرنے والوں کو بے اثر کرنے کا عزم ظاہر کیا۔فورم نے پاک فوج کی دارالحکومت کی اہم سرکاری عمارتوں کومحفوظ بنانے اور قابل احترام غیر ملکی وفود کو دورہ پاکستان کے دوران محفوظ ماحول فراہم کرنے کی غرض سے پاک فوج کی قانونی تعیناتی کیخلاف کیے جانے والے بدنیتی پر مبنی پروپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا۔کانفرنس کے شرکاء کا کہنا تھا کہ ”یہ مربوط اور پہلے سے تیار کردہ پروپیگنڈا“ بعض سیاسی عناصر کے مذموم عزائم کے تسلسل کی عکاسی کرتا ہے، جس کا مقصد پاکستان کے عوام ، مسلح افواج اور اداروں کے درمیان دراڑ پیدا کرنا ہے۔شرکاء نے کہا کہ بیرونی عناصر کی مدد سے کیے جانے والے پروپیگنڈے کی ایسی مذموم کوششیں کبھی کامیاب نہیں ہوں گی، انشاء اللہ۔فورم نے کہا کہ یہ ضروری ہے حکومت بے لگام غیر اخلاقی آزادی اظہارِ رائے کی آڑ میں زہر اُگلنے، جھوٹ اور معاشرتی تقسیم کا بیج بونے کے خاتمے کیلئے سخت قوانین وضوابط بنائے اور ان پر عمل درآمد کرائے۔فورم کا کہنا تھا کہ سیاسی ومالی فوائد کی خاطر جعلی خبریں پھیلانے والوں کی نشاندہی کرکے انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ پاک فوج ملک و قوم کی خدمت بغیر کسی تعصب اور سیاسی وابستگی کے کرتی ہے، پاک فوج تمام اندرونی و بیرونی خطرات سے نمٹنے کیلئے ملک کی حفاظت کرتی رہے گی، ذاتی مفادات کے حصول کیلئے معصوم شہریوں کو ایک دوسرے کیخلاف کھڑا کرنے اور تشدد کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کی کسی بھی کوشش کو ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔فورم نے دہشتگردوں بالخصوص فتنتہ الخوارج کی جانب سے پاکستان کے خلاف افغانستان کی سرزمین کے بے دریغ استعمال پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔شرکاء نے کہا کہ باہمی ترقی اور فائدے کے حصول پر توجہ مرکوزکرنا دونوں پڑوسی اسلامی ممالک کے بہترین مفاد میں ہے، افغان عبوری حکومت کواپنی سر زمین کو دہشتگردی کیلئے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے واضح اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔فورم نے اعادہ کیا کہ دہشتگردی کے خلاف بہادری سے ڈٹے رہنے والے خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے غیور عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کی طرف سے شروع کی جانے والی تمام سماجی و اقتصادی ترقیاتی کوششوں کی حمایت جاری رکھیں گے۔فورم نے اقتصادی ترقی کو فروغ دینے، غیر قانونی سرگرمیوں کیخلاف کریک ڈاؤن اور دہشت گردی اور جرائم کے گٹھ جوڑ کو ختم کرنے میں حکومتی کوششوں کی حمایت جاری رکھنے کا عزم بھی ظاہر کیا۔کانفرنس کے اختتام پر، آرمی چیف نے پاکستان کی سلامتی و استحکام کو یقینی بنانے کیلئے درپیش کسی بھی قسم کی مشکلات اور چیلنجز سے نمٹنے کے لئے پیشہ ورانہ مہارت، آپریشنل تیاریوں اور پاک فوج کے غیر متزلزل عزم کی اہمیت پر زور دیا۔
کراچی وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہےکہ وہ امریکا اور ایران کے درمیان براہ راست مذاکرات کے دوسرے دور اور...
کراچی امریکہ نے ایران کے لیے امن عمل کی پانچ سخت شرائط مقرر کر دیں۔ ایرانی سرزمین پر بمباری کے نقصانات کا...
کراچی، ریاض چیئرمین مرکزی رویت ہلال کمیٹی مولانا عبدالخبیر آزاد نے ملک میں ذی الحج کا چاند نظر آنےکا اعلان...
اسلام آباد بجلی صارفین سے تقریباً 9 روپے فی یونٹ تک اضافی ٹیکس وصولی کا انکشاف ،فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی...
کراچی امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹروتھ سوشل پر مصنوعی ذہانت سے بنائی گئی اپنی ایک تصویر...
اسلام آباد پاکستان کے گیس گردشی قرضہ پلان پر آئی ایم ایف نے تحفظات کا اظہار کردیا، منظوری کی رپورٹیں غلط...
اسلام آ باد وفاقی حکومت نےسرکلرڈیٹ کوکم کرنےکےاقدامات کےتحت کے الیکٹرک کےساتھ قانونی تنازع ختم اور تمام...
اسلام آباد ون کانسٹی ٹیوشن ایونیو کے مزید 20 اپارٹمنٹ سب لیز ہولڈرز کی انٹرا کورٹ اپیلوں کی سماعت آج اسلام...