شیخوپورہ ضمنی الیکشن،ن لیگ کے رانا طاہر اقبال44535ووٹ لیکر کامیاب،PTIحمایت یافتہ اعجازبھٹی 20093ووٹ لے سکے

06 دسمبر ، 2024

شیخوپورہ(نمائندہ جنگ سے)شیخوپورہ کے حلقہ پی پی 139 (فور) کے ضمنی الیکشن میں مسلم لیگ ن کے امیدوار رانا طاہر اقبال 44535 ووٹ لیکر کامیاب ہوگئے۔ تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار اعجاز حسین بھٹی 20093ووٹ لے سکے ۔ تحریک لبیک پاکستان کے علامہ فاروق الحسن کو 7196اور آزاد امیدوار سابق ایم پی اے میاں عبدالرؤف کو 6695ووٹ ملے، حلقہ میں کل ووٹرز 193285 ہیں جبکہ ٹرن آؤٹ41.4فیصد رہا۔ مختلف پولنگ سٹیشنوں پر پی ٹی آئی اور ن لیگی کارکنوں کے درمیان تصادم اور تشدد کے واقعات بھی پیش آئے ۔ آزاد امیدوار میاں عبدالرؤف کو ن لیگ کے کارکنوں نے شدید تشدد کا نشانہ بنایا جبکہ فائرنگ سے ایک جماعت کا کارکن محسن علی شدید زخمی ہو گیا، لڑائی جھگڑے کے دیگر واقعات میں 10افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں۔