یکم جنوری سے وی پی این کیلئے لائسنسنگ نظام شروع کرنے کا فیصلہ

06 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (ساجد چوہدری )وفاقی حکومت نے یکم جنوری 2025 سے ورچوئل پرائیویٹ نیٹ ورک (وی پی این) کیلئے لائسنسنگ نظام شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے تاکہ متعلقہ سیکورٹی خدشات کو دور کیا جا سکے،اس بات کا انکشاف پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کے چیئرمین میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمان نے جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی اینڈ ٹیلی کمیونیکیشن کو بریفنگ دیتے ہوئے کیا،کمیٹی ارکان نے اعتراض کیا کہ VPN فراہم کرنیوالوں کے پاکستان میں دفاتر ہی نہیں حکومت لائسنس کیسے جاری کر سکتی ہے؟چیئرمین پی ٹی اے نے کہا کہ غیر قانونی وی پی این بلاک کرنے کیلئے خط پر وزارت قانون سے رائےطلب ، تاحال جواب نہیں ملا، ہم وی پی این بلاک نہیں کر رہے لیکن یکم جنوری 2025 سے وی پی این کے لائسنس جاری کرنا شروع کر دیں گے، انہوں نے مزید انکشاف کیا کہ ملک میں غیر قانونی وی پی این بلاک کرنے سے متعلق وزارت داخلہ کے خط پر وزارت قانون سے رائے مانگی گئی ،تاحال کوئی جواب نہیں ملا،انہوں نے اعتراف کیا کہ ملک میں انٹرنیٹ کی سست روی پر وی پی این کا کوئی اثر نہیں ہوا، اب تک 31ہزار وی پی اینز رجسٹرڈ ہوئے ہیں،کمیٹی کے ارکان نے وی پی این لائسنسنگ نظام پر بھی سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ جب وی پی این فراہم کرنے والوں کے پاکستان میں دفاتر اور موجودگی نہیں تو حکومت انہیں لا کر لائسنس کیسے جاری کر سکتی ہے۔