شہادتوں کا معاملہ،بیرسٹرگو ہروسلمان اکرم راجہ کی علیمہ خان سے تکرار

06 دسمبر ، 2024

راولپنڈی (خبر نگار) چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹرگو ہر علی خان اور سیکرٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ کی ڈی چوک احتجاج میں شہادتوں کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کی ہمشیرہ علیمہ خان سے اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں تکرار ہو گئی۔ گزشتہ روز اڈیالہ جیل کے کمرہ عدالت میں توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے دوران علیمہ خان ، بیرسٹر گوہر اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ گفتگو کرتے ہوئے ایک دوسرے سے تلخ ہو گئے۔ بانی پی ٹی آئی کی بہن علیمہ خان نے بیرسٹر گوہر سے پوچھا آپ نے 12شہادتیں ہی کیوں بتائیں؟ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہمارے پاس جو تفصیلات ہیں اس میں بغیر تصدیق کیسے اضافہ کرسکتے ہیں؟ علیمہ خان نے کہا آپ کو معلوم ہے کہ ہمارے کتنے لوگ لاپتہ ہیں؟ بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے ٹیمیں تشکیل دی ہیں جو اس پر کام کر رہی ہیں۔ تکرار کے دوران بیرسٹر سلمان اکرم پی ٹی آئی چیئرمین کی حمایت کرتے رہےاور کہا کہ پارٹی تمام تر تفصیلات اکٹھی کر رہی ہے ، یقین کریں اس معاملے کو پارٹی ایسے ہی نہیں جانے دے گی۔ گفتگو کے دوران بیرسٹر گوہر نے غیر مصدقہ شہادتوں کی تعداد پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ میرے پاس 12شہادتوں کے سوا کوئی مصدقہ شہادت نہیں ، میں کیسے کہہ دوں کہ سیکڑوں لوگ شہید ہوئے۔ علیمہ خان نے پوچھا کہ آپ یہ بتائیں آپ کس کس شہید اور زخمی کے گھرگئے؟ جس پر بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ سلمان اکرم راجہ سے پوچھیں ، جو کارکن کنٹینر سے گرا اس کے گھر گئے۔ بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے گفتگو میں مداخلت کرتے ہوئے کہا کہ جو کارکنان عدالتوں میں پیش ہو رہے ہیں خدا کیلئے ان کو لاپتہ نہ کہیں۔