غیر ملکی سندھ بالخصوص ٹرانسپورٹ میں سرمایہ کاری چاہتے ہیں، شرجیل میمن

10 دسمبر ، 2024

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعا م میمن نے کہا ہےکہ پاکستان کے لئے اچھا ہے کہ جلد از جلد بلاول بھٹو زرداری پاکستان کے وزیر اعظم بن جائیں، پاکستان میں اس وقت سب سے بہتر سیاست کرنے والا، سب سے میچوئر، سب سے پڑھا لکھا اور نوجوان شخص وزارت اعظمیٰ کے لائق ہے تو وہ چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری ہے، اگر فیصل واڈا نے کوئی بات کی ہے تو وہ علم رکھتے ہونگے، وہ سینیٹر ہیں، اچھے آدمی ہیں، اچھی سیاست کر رہے ہیں،غیرملکی سرمایہ کار سندھ بالخصوص ٹرانسپورٹ اور توانائی کے شعبوں میں سرمایہ کاری کرنا چاہتے ہیں ، مولانا فضل الرحمان کو اگر گلے شکوے ہیں تو وہ حکومت سے کر سکتے ہیں، بل بنانا، بل پاس کرنا حکومتوں کا کام ہے۔ کراچی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سندھ کے سینئر وزیر اور صوبائی وزیر برائے اطلاعات، ٹرانسپورٹ و ماس ٹرانزٹ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ کوئی کتنی بھی منفی پروپیگنڈہ کرلے یا سازشیں کرلے لیکن عالمی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔