عدالت عظمیٰ نے کامیاب آزاد امیدوار کو ڈی سیٹ کرنیکا نوٹیفکیشن معطل کردیا

10 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (نمائندہ جنگ) عدالت عظمیٰ نے این اے 262 کوئٹہ سے کامیاب قرار دیئے جانے والے آزاد امیدوار عادل بازئی کو ڈی سیٹ کرنے کا الیکشن کمیشن کا 21 نومبر کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو نوٹس جاری کر دیئے ہیں،جسٹس منصور علی شا ہ نے کہا کہ پہلے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کا معاملہ طے کرینگے۔ جسٹس سید منصور علی شاہ کی سربراہی میں قائم تین رکنی بنچ نے سوموار کے روز کیس کی سماعت کی تو درخواست گزار عادل بازئی کے وکیل تیمور اسلم نے موقف اختیار کیا کہ عادل بازئی کو الیکشن کمیشن نے آرٹیکل 63 اے کے تحت ڈی سیٹ کیا ہے، الیکشن کمیشن نے حقائق کا درست جائزہ لیا نہ ہی انکوائری کیلئے انہیں طلب کیا گیا جس پر جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ اگرعادل بازئی کے حلف ناموں کا معاملہ سول کورٹ میں تھا تو الیکشن کمیشن کا دائرہ اختیار کیسے ہے؟ کیا الیکشن کمیشن سول کورٹ میں زیر التوا ء معاملہ پر نوٹس لے سکتا ہے؟ پہلے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کا معاملہ طے کرینگے۔