اسلامی ترقیاتی بینک سے مہنگی ’’سینڈیکیٹ فنانسنگ‘‘ حاصل کرنے پر غور

10 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (مہتاب حیدر) آئی ایم ایف کی جانب سے سعودی آئل فسیلیٹی (SOF) کے امکانات پر سوالات اٹھانے کے بعد، پاکستان اب اسلامی ترقیاتی بینک (IsDB) سےمہنگی "سندیکیٹ فنانسنگ کی سہولت حاصل کرنے اور سعودی عرب کو SOF کی فراہمی پر قائل کرنے کی آخری کوشش کے دونوں آپشنز پر غور کر رہا ہے۔وزیر اعظم شہباز شریف نے حالیہ مہینوں میں اقتدار سنبھالنے کے بعد کئی مرتبہ سعودی عرب کا دورہ کیا، لیکن اب تک سعودی آئل فسیلیٹی (SOF) کو حتمی شکل نہیں دی جا سکی۔ ایک اور کوشش کے تحت، سعودی عرب جنوری یا فروری 2025 سے آئندہ 12 ماہ کے لیے SOF پر غور کر سکتا ہے۔اب اسلام آباد نے متبادل آپشنز بھی تلاش کیے ہیں، جن میں اسلامی ترقیاتی بینک کے ITFC انتظامات کے تحت تیل کی خریداری کے لیے مالیاتی سہولت کو 400 ملین ڈالر سے بڑھا کر 1 یا 1.2 بلین ڈالر کرنے کی باقاعدہ درخواست شامل ہے، بشرطیکہ قرض کی شرح میں اضافہ کیا جائے۔