آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی کے فیوژن ماڈل پر کنفیوژن برقرار، بھارت اپنے لئے تیار، پاکستان کو صاف انکار

12 دسمبر ، 2024

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان میں اگلے سال ہونے والی چیمپئنز ٹرافی کیلئے پاکستان کے فیوژن ماڈل پر کنفیوژن برقرار ہے۔ بھارتی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ بھارت اپنے میچز دبئی میں کھیلنے پر رضامند ہوگیا ہے۔ البتہ فیوژن فارمولا اپنے ایونٹس پر لاگو نہیں کرنا چاہتا۔ چیمپئنز ٹرافی سے متعلق اسی ہفتے فیصلہ ہونے کا قوی امکان ہے۔ لیکن پاکستان کر کٹ بورڈ نے واضح کیا ہے کہ بھارتی میڈیا کے دعوؤں پر کوئی تبصرہ نہیں کرسکتے ، ہم تحریری یقین دہانی کے بغیر کوئی بات قبول نہیں کریں گے۔ بھارتی میڈیا نے یہ بھی دعویٰ کیا ہے کہ بھارت زبانی حد تک پاکستان کی تجویز پر رضامند ہے، تاہم تحریری معاہدے کیلئے تیار نہیں ۔ اتنی یقین دہانی کرائی جاسکتی ہے کہ 2026 ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کا گروپ میچ سری لنکا میں ہوگا۔ پاکستان کو یہ پلان بتانے کے بعد آئی سی سی انتظار کررہا ہے کہ یہاں سے گرین سگنل ملے تاکہ وہ تیار شدہ شیڈول جاری کرے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات جاری ہیں اور پی سی بی کے اعلیٰ عہدیداران دبئی میں موجود ہیں ۔بھارتی میڈیا نے اپنے نئے دعوے میں کہا ہے کہ بھارت فیوژن فارمولے کے تحت کھیلنے پر رضامند ہو گیا ہے۔ بھارت اپنے ملک میں2027تک ہونیوالے ایونٹس میں سیمی فائنل اور فائنلز کو منتقل کرنے پر آمادہ نہیں۔ اس پر بات چیت جاری ہے کہ اگر پاکستان ناک آؤٹ میچز میں پہنچا تو ہائبرڈ ماڈل کیسے اپنایا جاسکے گا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی کا موقف ہے کہ اگر پاکستان سیمی فائنل یا فائنل میں پہنچے تو اسے بھارت میں کھیلنا ہو گا۔ پاکستان کوبھارت میں آئی سی سی ایونٹس کے بائیکاٹ پر قانونی چارہ جوئی کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ دوسری جانب میگا ایونٹ کیلئے براڈ کاسٹرز کی جانب سے جاری کردہ پرومو سخت تنقید کی زد میں آگیا۔ جس میں میزبان کا نام لکھنے سے گریز کیا گیا جبکہ تصویری اور ویڈیو جھلکیوں میں ٹی20ورلڈکپ2024کے کلپس ڈالے گئے۔ اسی طرح 2017چیمپئنز ٹرافی کی فاتح پاکستانی ٹیم کی کوئی تصویر یا ویڈیو جھلک شیئر تک نہ کی گئی۔