عمران اپنی پارٹی لیڈرشپ سے سخت ناراض، انہیں چارج شیٹ کردیا

13 دسمبر ، 2024

کراچی (ٹی وی رپورٹ) جیوکے پروگرام ”آج شاہ زیب خانزادہ کے ساتھ “ میں گفتگو کرتے ہوئے سینئر رہنما تحریک انصاف، علی محمد خان نےکہا ہے کہ ملک مشکل صورتحال سے دوچار ہے اور بانی پی ٹی آئی نے اس کی درست ترجمانی کی ہے،جو حکومت فارم47 پر آئی ہے اس سے خیر کی کیا امید،سینئررہنما مسلم لیگ ن، سینیٹر طلال چوہدری نے کہا کہ اگر26 ویں ترمیم نہ ہوتی تو 26 نومبر کو بغاوت کامیاب ہوجاتی ، تحریک انصاف کو بنے28سال ہوگئے آج تک انہو ں نے مفاہمت کی بات نہیں کی۔ یہ جنرل فیض حمید کی چارج شیٹ دیکھ کر گھبرا گئے ہیں،پی ٹی آئی جنرل فیض حمید کے ٹرائل پر اثر انداز ہونا چاہتی ہے۔ان کی نیت نیک نہیں ہے،نمائندہ جیو نیوز، شبیر ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے آج صحافیوں سے جتنی گفتگو کی اس میں مجموعی طور پر وہ اپنی لیڈر شپ سے بڑے نالاں نظر آئے۔ ۔بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ سارے خوشی خوشی رہ رہے ہیں۔ اپنی لیڈر شپ کے رویئے پر حیران ہوں۔پارٹی کو سخت ترین رد عمل دینا چاہئے تھا ۔علی محمد خان نےکہاطاقت کے زور پر کچھ وقت کے لئے لوگوں کو دبا سکتے ہیں اس کا مطلب یہ نہیں کہ بے چینی ختم ہوگئی۔جو حکومت کا رویہ دیکھ رہا ہوں وہ آمریت میں بھی نہیں ہوتا۔جب ادارے کے لوگ فائرنگ کریں گے تو کیسے ٹک سکیں گے۔بانی پی ٹی آئی کی کمیٹی کو اگر حکومت سنجیدہ نہیں لیتی تو بہت تشویشناک ہوگا۔دو روز میں پارلیمنٹ میں ان معاملات پر کچھ کہنا چاہ رہا ہوں لیکن موقع نہیں ملا۔تحریک انصاف کی لیڈر شپ مشکل حالات میں میدان میں کھڑی ہے۔سینیٹر طلال چوہدری نے کہا پی ٹی آئی نے سب کچھ کرکے دیکھ لیا، کوئی کارڈ رہ نہیں گیا۔ آج ہمارے ساتھ ہاتھ ملا رہے ہیں ۔ یہ ہمیں جھانسا دینے کی کوشش کررہے ہیں۔ شبیر ڈار نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے کہااگر ہمارے دو مطالبات تسلیم نہیں کئے جاتے تو ہم سول نافرمانی کی طرف جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ جنرل فیض سے میری جتنی ملاقاتیں ہوئیں وہ جنرل باجوہ کی اجازت سے مجھ سے ملتے تھے۔مجھ سے ملاقات کے بعد وہ جنرل باجوہ کو بریفنگ دیتے تھے۔انہوں نے کہا کہ اگر9 مئی پر ان پر یاکسی اور پرالزام ہے تو جنرل باجوہ کو بھی اس ٹرائل میں شریک کیا جائے۔۔میزبان شاہزیب خانزادہ نے اپنا تجزیہ پیش کرتے ہوئے کہا شام میں بشار الاسدکا تختہ الٹنے کے بعد اسرائیل صورتحال کا بھرپور فائدہ اٹھار ہا ہے۔ 500 سے زائد حملوں میں اسرائیلی فورسز نے شام کی دفاعی تنصیبات کو تقریباً تباہ کردیا ہے۔