3 سو سے زائد پاکستانی شام سے وطن واپس پہنچ گئے، دفتر خارجہ

13 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس) شام سے بیروت پہنچنے والے 318 پاکستانیوں کو لے کر خصوصیطیارہ وطن روانہ ہوگیا، بیروت ایئرپورٹ پر پاکستانی سفیر نے طیارے کو الوداع کہا۔ ذرائع کے مطابق پاکستانی سفارت خانہ بیروت نے پاکستانیوں کے ویزے لگوائے ، بیروت آنے پر ان کی رہائش اور کھانے پینے کے انتظامات بھی کیے گئے تھے۔ ذرائع کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ پاکستانیوں کو واپس لانے والا خصوصی طیارہ جمعرات اور جمعے کی درمیانی شب 2 بجے اسلام آباد پہنچے گا۔ شام میں باغیوں کی جانب سے بشارالاسد کی حکومت کا تختہ پلٹنے کے بعد وہاں نظام زندگی تاحال معمول پر نہیں آسکا، پروازیں منسوخ ہونے سے سینکڑوں پاکستانی وہاں پھنس گئے ، جن کے انخلاء کی کوششیں کی جا رہی ہیں۔ حکام کے مطابق اس وقت شام میں ایک ہزار سے زائد پاکستانی شہری موجود ہیں جن میں سے 260زائرین ہیں۔ وزیراعظم نے لبنان کے وزیر اعظم نجیب میقاتی سے ٹیلی فونک رابطہ کیا تھا اور ان سے بیروت کے راستے شام میں پھنسے پاکستانی شہریوں کے فوری انخلا میں سہولت فراہم کرنے کی درخواست کی تھی۔دریں اثناترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرہ بلوچ نے ہفتہ وار میڈیا بریفنگ کے دوران کہا پاکستان اسرائیل کی جانب سے شام کے علاقوں پر قبضے کی مذمت کرتا ہے۔ پاکستانی سفارتخانہ شام میں تمام پاکستانیوں کو معاونت فراہم کرنے میں مصروف ہے اور 300 سے زائد پاکستانی شام سے محفوظ طریقے سے پاکستان پہنچ چکے ہیں۔اسرائیل کی جانب سے حملوں میں شام کے انفراسٹرکچر کو تباہ کیا گیا۔ پاکستانی دفتر خارجہ شام سے پاکستانیوں کے محفوظ انخلا کے لیے پوری طرح سے کام کررہا ہے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ افغان ناظم الامور اور نائب وزیراعظم کے درمیان ملاقات تہنیتی ملاقات تھی، اس ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان مختلف مسائل کے لیے مذاکرات پر اتفاق کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ امریکی صدر کی تقریب حلف برداری میں کسی پاکستانی کو مدعو کئے جانے بارے میں معلوم نہیں۔افغانستان میں ہوئے دہشتگرد حملے میں حکومتی وزیر خلیل الرحمٰن حقانی کی وفات پر وزیراعظم اور نائب وزیراعظم نے دکھ کا اظہار کیا ہے، ہم سمجھتے ہیں کہ دہشتگردی کی ہر کارروائی کی مذمت کرنی چاہیے، ہم افغان حکام سے رابطے میں ہیں اور اس واقعہ کی تفصیلات حاصل کررہے ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ ہم فلسطین سے متعلق اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی قرارداد کو خوش آئند قرار دیتے ہیں، پاکستان قاہرہ میں ڈی ایٹ کانفرنس میں شرکت کرے گا، اس سے قبل پاکستان ڈی ایٹ وزارتی اجلاس میں شرکت کرے گا، پاکستان ڈی ایٹ کے ایجنڈا کی حمایت کرتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پاکستان اور تاجکستان کے درمیان ساتواں مشترکہ توانائی، صنعت، زراعت فورم کا اجلاس اسلام آباد میں ہوا، دونوں ملکوں کے درمیان تجارت اور رابطہ کاری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان ان تمام دہشتگرد گروہوں کی مذمت کرتا ہے جو پاکستانی شہریوں کی زندگی خطرے میں ڈالتے ہیں، کینیا اور دیگر ممالک کے ساتھ ملزمان کی حوالگی کے معاملات وزارت داخلہ دیکھتی ہے، پاکستان مقبوضہ کشمیر میں بھارتی قابض فوجوں کی جانب سے غیر قانونی اور بلاجواز کاروائیوں پر متفکر ہے، شمالی کوریا کا سفارتخانہ کووڈ کی وجہ سے خالی رہا، شمالی کوریا کے سفیر کو خوش آمدید کہتے ہیں۔