صدارتی انتخابات ؛2خواتین پر بالادست، ٹرمپ دوسری مرتبہ پرسن آف دی ایئر قرار

13 دسمبر ، 2024

اسلام آباد (فاروق اقدس/جائزہ رپورٹ) نومنتخب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ٹائم میگزین کی جانب سے دوسری مرتبہ پرسن آف دی ایئر قرار دیا گیا ، تاہم اسے دلچسپ اتفاق ہی کہا جاسکتا ہے کہ دونوں مرتبہ انہیں اپنے مقابل خواتین صدارتی امیدواروں پر سبقت حاصل کرنے کے حوالے سے یہ اعزاز حاصل ہوا ہے۔ پہلی مرتبہ 2016 میں ہلیری کلنٹن کو شکست دینے کے بعد اور اب دوسری مرتبہ ڈونلڈ ٹرمپ نے 5 نومبر کے انتخابات میں نائب صدر کملا ہیریس کو شکست دی ۔ انہیں مخصوص سرخ ٹائی اور ایک فکر انگیز پوز کے ساتھ ٹائم میگزین کے سرورق کی زینت بنایا گیا ہے۔ خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کی رپورٹ کے مطابق ماضی کے فاتحین میں ٹیلر سوئفٹ اور ولادیمیر زیلنسکی کے علاوہ خود ڈونلڈ ٹرمپ شامل ہیں، جنہوں نے یہ اعزاز 2016 میں ہلیری کلنٹن کو شکست دینے کے بعد حاصل کیا تھا۔ اس بار ڈونلڈ ٹرمپ نے غیر قانونی تارکین وطن کی بڑے پیمانے پر بے دخلی اور بڑے ٹیرف عائد کرنے کا وعدہ کیا ہے، جس سے نہ صرف امریکی معیشت بلکہ اہم تجارتی شراکت داروں کی معیشتوں کے شدید متاثو ہونے کا خطرہ ہے۔ ٹائم میگزین کے سرورق اور امریکی صدارت میں واپسی کے بارے کچھ سال پہلے تک سوچا بھی نہیں جا رہا تھا۔ اس سال ٹائم میگزین کے لئے شارٹ لسٹ کئے گئے افراد میں موجودہ امریکی نائب صدر کاملہ ہیرس، میکسیکو کی صدر کلاڈیا شین بام، اسرائیلی وزیر اعظم بینجمن نیتن یاہو، روسی ماہر اقتصادیات یولیا نوالنایا اور حزب اختلاف کے آنجہانی رہنما الیکسی ناوالنی کی بیوہ شامل تھے۔ میگزین کی جانب سے نیتن یاہو کی نامزدگی کو غزہ میں جاری تباہ کن اسرائیلی حملے کے نتیجے میں سخت تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس میں اب تک 44 ہزار 800 فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔ میگزین کے چیف ایڈیٹر سیم جیکبز نے وضاحت کی کہ تاریخی واپسی، غیر معمولی طور پر سیاسی تبدیلی اور دنیا میں امریکا کے کردار کو تبدیل کرنے کے لیے ڈونلڈ ٹرمپ کو 2024 کے لیے سال کی بہترین شخصیت قرار دیا گیا۔ اس کا اعلان ہر سال کیاجاتا ہے، جو سال کی سب سے بااثر شخصیت کا اعتراف ہے۔