سپریم کورٹ، پریکٹس اینڈ پروسیجر آرڈیننس کیخلاف درخواستیں خارج

13 دسمبر ، 2024

اسلام آباد(جنگ رپورٹر ) عدالت عظمیٰ کےجسٹس امین الدین خان کی سربراہی میں 7 رکنی بینچ نے جمعرات کو سپریم کورٹ( پریکٹس اینڈ پروسیجر) آرڈیننس کیخلاف دائر درخواستیں خارج کر دیں ، دوران سماعت جسٹس امین الدین خان نے کہاکہ سپریم کورٹ (پریکٹس اینڈ پروسیجر) آرڈیننس ختم ہو چکا ہے، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آرڈیننس کے اجراء کے بعد پارلیمنٹ نیاس حوالے سے قانون سازی کردی ہے، درخواست گزار ،چیئر مین تحریک انصاف گوہر علی خان کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ آرڈیننس کے تحت کمیٹی کے ایکشن کو کالعدم قرار دیا جائے،جس پر جسٹس جمال خان مندو خیل نے ریمارکس دئیے کہ اگر ایک قانون بن جائے تو آرڈیننس خود بخود ختم ہو جاتا ہے، جسٹس محمد علی مظہر نے کہا کہ آرڈیننس کے تحت بنی کمیٹی ختم ہو گئی ، کمیٹی کے فیصلوں کو پاس اینڈ کلوز ٹرانزیکشز کے اصول کے تحت تحفظ حاصل ہے، جسٹس جمال خان مندوخیل نے ریمارکس دئیے کہ آئین صدر پاکستان کو آرڈیننسز جاری کرنے کا اختیار دیتا ہے،بعد ازاں عدالت نے درخواستیں خارج کر دیں۔