حکومت کی بہتر پالیسی اور معاشی ٹیم کی محنت کے ثمرات ملنا شروع ہوگئے، وزیراعظم

13 دسمبر ، 2024

اسلام آباد( نیو ز رپورٹر) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ حکومت کی بہتر معاشی پالیسیوں اور معاشی ٹیم کی محنت کے ثمرات ملنے شروع ہو گئے، عوام کو ریلیف پہنچانا ہماری ترجیح ہے۔وزیر اعظم نے ان خیالات کا اظہار اوورسیز انویسٹرز چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (او آئی سی سی آئی )کی حالیہ رپورٹ پر اظہاراطمینان کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ کے مطابق بیرونی سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، ملک میں کاروبار کرنے کیلئے ماحول میں بہتری آئی اور اس حوالے سے پاکستان کے بارے میں عالمی سوچ منفی 10 فیصد سے نکل کر 31 فیصد مثبت پر آگئی جو کہ انتہائی خوش آئند ہے۔ رپورٹ کے مطابق پاکستان میں روزگار کے مواقع بڑھے ہیں، پاکستان کے مینو فیکچرنگ سیکٹر کی گروتھ 2 فیصد سے 6 فیصد پر آگئی جبکہ سروسز سیکٹر کی گروتھ 7 فیصد سے بڑھ کر 30 فیصد ہو گئی جو کہ ایک نمایاں کامیابی ہے، سیمنٹ ، آٹو سیکٹر، فرٹیلائزرز اور پیٹرولیم مصنوعات کی فروخت میں نمایاں اضافہ دیکھا گیا ،یہ نتائج عالمی سطح پر سرمایہ کاروں کے لیے ایک مثبت پیغام ہے۔رپورٹ اس امر کی عکاس ہے کہ پاکستان سرمایہ کاری کیلئے ایک امید افزاء اور قابل اعتماد منزل ہے،گزشتہ چند ماہ کے دوران غیر ملکی سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ ہوا ہے، برآمدات اور ریکارڈ ترسیلات زر کی بدولت ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہوا ۔